لاہور (نامہ نگار) شمالی چھاﺅنی انویسٹی گیشن پولیس نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے فنانس سیکرٹری سید منیر جیلانی کے گھر 12لاکھ روپے مالیت کی چوری کی واردات کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے الٹا ان کی پشت پناہی کرنا شروع کر دی، لوٹا ہوا مال برآمد کرنے کے باوجود تمام ملزمان کو گرفتار کرنے اور برآمد کیا جانے والا سامان مدعی کو واپس کرنے کی بجائے مال خوردبرد کرنے کے لئے روایتی حربے استعمال کرنا شروع کر دیئے جس پر آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے وزیر داخلہ پنجاب اور آئی جی پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ تھانہ شمالی چھاﺅنی لاہور کے علاقہ مےں اے پی این ایس کے فنانس سیکرٹری سید منیر جیلانی کے گھر 12لاکھ روپے مالیت کی چوری کی واردات کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کریں کہ وہ ملزموں کے خلاف کارروائی کر کے لوٹا ہوا سامان منیر جیلانی کو واپس دلائیں۔ اے پی این ایس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزموں نے گذشتہ ہفتے اے این پی ایس کے فنانس سیکرٹری منیر جیلانی کے گھر مےں گھس کر 12لاکھ مالیت کے زیورات، نقدی، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان چوری کر لیا تھا۔ تھانہ شمالی چھاﺅنی مےں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ پولیس نے دو ملزم حراست مےں لئے، ملزموں نے چوری کی واردات کا اعتراف بھی کیا۔ تفتیشی افسروں انسپکٹر غلام عباس اور سب انسپکٹر شہباز احمد نے چوری ہونے والے سامان کا بڑا حصہ ملزموں کے قبضہ سے برآمد کر لیا لیکن اب تفتیشی پولیس افسران ملزموں کی پشت پناہی کر رہے ہےں اور دیگر تین ملزموں کو پکڑنے اور ان کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہے ہےں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس افسر برآمد ہونے والا سامان خوردبرد کرنا اور ملزموں کو چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہےں۔ اے پی این ایس نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیت کو پولیس کے روایتی حربوں سے تحفظ دیں اور چوری کئے جانے والے سامان کی برآمدگی کو یقینی بنائیں جبکہ ایف آئی آر مےں درج ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔
منیر جیلانی کے گھر چوری
Post New Comment