لاہور (اپنے نمائندے سے) پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ حکومت قومی آمدنی کا کم از کم 4 فیصد تعلیم کے شعبہ کے لےے مختص کرے، اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم کو دنیا کی صف اول قوموں مین شامل ہونے کی صلاحیت سے نوازا ہے، مگر صرف وسائل کی کمی ہے، دنیا کی جنگ وہی قوم جیت سکتی ہے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جامعہ پنجاب کے 119 ویں سالانہ کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں انہوں نے سینکڑوں نمایاں پوزیشن کے حامل طلبہ و طالبات کو نصابی و غیرنصابی سرگرمیوں پر میڈیل تقسیم کےے اور جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد نے بھی اپنی صاحبزادی سمیعہ راحیل قاضی کے ساتھ کانووکیشن میں خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر ان کی صاحبزادی کو مبارکباد پیش کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مزید کہا امریکہ اپنی کل پیداوار کا 7 فیصد تعلیم پر خرچ کر رہا ہے، جبکہ ہم صرف 2 فیصد بھی پورا خرچ نہیں کر رہے ۔ تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل انور چودھری، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر زاہد کریم خان سمیت یونیورسٹی کے تمام ڈینز، پرنسپلز، ڈائریکٹرز، شعبہ جاتی سربراہان موجود تھے۔ دریں اثنا پنجاب یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی پنجاب کی ایک اعلیٰ شخصیت نے شرکت کرنی تھی مگر ان کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت کے ایشو پر متعدد متنازعہ بیانات کی وجہ سے جامعہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق کچھ طلبا و طالبات کی طر ف سے اس شخصیت سے ڈگری یا میڈل نہ لینے کے خوف سے انہوں نے شرکت نہیں کی۔
Post New Comment