لاہور (خبر نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے رہائشی پلاٹوں پرکمرشل تعمیرات اور نقشہ پاس کروائے بغیر بنائی جانے والی عمارتوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ٹائون پلاننگ کے عملے نے گزشتہ روز جوہر ٹائون میں تعمیراتی قواعد کے برعکس بنائی جانے والی چار عمارتیں مسمار کر دیں۔جوہر ٹائون کے قریب دھنہ سنگھ والا میں دو گھنٹے تک آپریشن کرکے دو کنال اراضی پر تعمیر کیا جانے والا شادی ہال مسمار کر دیاگیا مذکورہ پلاٹ پر چاردیواری تعمیر کرکے ستون کھڑے کر لئے گئے تھے مگر عمارت کا نقشہ منظوری کے لئے جمع ہی نہیں کروایا گیا تھا۔جوہر ٹائون میں رہائشی پلاٹ نمبر 15-Aبلاک جی ون پر نقشہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل استعمال کے لئے زیر تعمیر دفتر گرادیا گیا۔ رہائشی پلاٹ نمبر 20-Aبلاک جی میں رہائشی پلاٹ پر زیر تعمیر امپیریل گارڈن ریسٹورنٹ کا کچھ حصہ مسمار کر دیا گیا۔ پلاٹ نمبر 4بلاک جی ون میں رہائشی پلاٹ پر ناجائز طور پر قائم کیا جانے والا روٹی بوٹی ریسٹورنٹ بھی گرادیا گیا۔
Post New Comment