اسلام آباد/ کراچی (ریڈیو مانیٹرنگ + خبرنگار) کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن اور ملیر میں فائرنگ کے واقعات میں سنی تحریک کے کارکن سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے۔ سنی تحریک کے کارکن کو میٹھا در میں موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی سیاسی جماعت کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری ہے۔ کراچی میں گرفتاریاں مضبوط انٹیلی جنس پر کی گئی ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سے ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ دوسری طرف وزیر داخلہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں ٹھٹھہ اور سجاول شہر کا دورہ کیا۔ سیلاب زدگان میں بڑے پیمانے پر امدادی اشیاءتقسیم کیں۔ وزیرداخلہ نے سیلاب زدگان کے لئے خیموں‘ خوراک اور ادویات کی شدید ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے NDMA کے چیئرمین جنرل ندیم کو ہدایت کی وہ سجاول شہر جو کہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے کہ خیموں‘ خوراک اور ادویات کی فوری ضرورت ہے تاکہ سیلاب زدگان کی بروقت مدد کی جاسکے۔ وزیرداخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیلاب کی وجہ سے پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طورپر محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔گلشن معمار میں پولیس نے تحریک طالبان کے دو افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی او عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزم تحریک طالبان کا شعبہ بیت المال چلاتے تھے۔
Post New Comment