کراچی (ثناءنیوز + این این آئی) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعات میں پیپلزپارٹی اور سنی تحریک کے 2 کارکنوں کو قتل جب کہ چھریوں کے وار کرکے 3 افراد کو زخمی کر دیا گےا۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مسلح افراد نے قلندری چوک کے قریب گاڑی میں سوار پیپلزپارٹی کے کارکن فرحان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ خداداد کالونی میں دادا بھائی نوروزی روڈ پر سیلاب زدگان کی چندہ مہم میں مصروف سنی تحریک یونٹ انچارج 24 سالہ قاسم قادری عرف پپو کو نامعلوم افراد نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ لانڈھی کی بابر مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کرکے ایک سیاسی تنظیم کے سرگرم کارکن شاہد سمیت تین افراد کو زخمی کر دیا۔ ادھر ڈی ایس پی نواز رانجھا کے قتل کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن ابوعرفان عرف عرفا نے اعتراف قتل کر لیا ہے۔ اس نے اپنے ساتھیوں نعمان عرف نومی، اشتیاق پولیس والا، دانش، رافع عرف روفی کے ساتھ مل کر واردات کرنے کا اعتراف کیا ہے۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق جوڑیا بازار کراچی میں رینجرز نے سنی تحریک کے دفتر پر چھاپہ مارا جس میں 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان افراد میں ایک ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج بھی شامل ہے۔
Post New Comment