کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹیٹ آئل نے عدم ادائیگی پر ریلوے کو ڈیزل کی فراہمی معطل کر دی جس کے نتیجہ میں ریلوے نے گڈز ٹرینیں بند کر دیں۔ ریلوے کو ایک ہفتہ سے روزانہ 12 کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے اندرون ملک، اندرون ملک سے کراچی اور ٹرینوں کے ذریعہ بھارتی سامان کی ترسیل معطل ہو گئی۔ پاکستان ریلویز نے بتایا ہے کہ مسافر ٹرینیں بدستور معمول کے مطابق چل رہی ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر چلنے والی 15 گڈز ٹرینوں و مال گاڑیوں میں سے صرف تین چار چلائی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ریلوے نے پی ایس او کو ڈیزل کی مد میں 70 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، ریلوے نے ان میں سے 20 کروڑ روپیہ کی ادائیگی کر دی جس کے بعد گذشتہ رات گئے ریلویز کو ڈیزل کی فراہمی بحال کر دی گئی۔ پاکستان ریلویز کے مطابق فراہمی بحال ہونے کے بعد گڈز ٹرینوں کی بحالی میں وقت لگے گا۔
Post New Comment