کراچی (اے این این + نامہ نگار + مانیٹرنگ نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صدرآصف علی زرداری نے امریکی ڈالروں کے عوض سوات میں آپریشن شروع کروا دیا ، دس لاکھ افراد قبائلی علاقوں سے ہجرت کرچکے ہیں جن کیلئے حکومت نے کوئی پلاننگ نہیں کی ، تمام چھوٹی بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور اس کی سفارشات کی روشنی میں ملک میں جاری کشیدہ صورتحال کا حل نکالا جائے۔ سوات میں فوجی آپریشن کے خلاف ہوں۔ ممتاز بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زرداری امریکہ میں جس ہوٹل میں قیام پذیر ہیں اس کا روزانہ خرچہ 4 لاکھ روپے ہے جبکہ اس ملک کے غریب عوام کے پیسوں سے ڈھائی ڈھائی سو افراد عمرے کررہے ہیں۔ صوبائی خودمختاری کے بغیر وفاق نہیں چل سکتا مجھے حیرت ہے کہ 92ء میں متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف ہونے والے فوجی آپریشن کے باجود ایم کیو ایم سوات میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کررہی ہے۔ اے پی ڈی ایم کی طرز پر نیا سیاسی اتحاد بن سکتا ہے لیکن اس کیلئے ہم خیال لوگوں کا ہونا ضروری ہے۔ الطاف حسین کے خلاف مقدمے کے بارے میں کہا کہ میں نے الطاف حسین کے خلاف سکاٹ لینڈ یارڈ کو ثبوت پیش کئے ہیں جس کی بنیاد پر سکاٹ لینڈ یارڈ الطاف حسین کے خلاف عدالت میں جائے گی۔ فوج اپنے ہی لوگوں سے لڑے گی تو کس کا فائدہ ہو گا۔ ممتاز بھٹو نے کہا زرداری حکومت بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کا وہی حشر کرے گی جو مرتضی بھٹو کے قتل کی تحقیقات کا کیا گیا۔ بے نظیر کے نام پر ووٹ مانگنے والے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ ممتاز بھٹو سے پوچھا گیا کہ کیا بے نظیر بھٹو کے قتل میں آصف زرداری کا ہاتھ ہے تو انہوں نے کہا ہمارے شکوک موجود ہیں لیکن میں نام نہیں لے سکتا۔ بینظیر شہید کے قاتلوں کا پیچھا کرونگا۔ انہوں نے کہا صوبائی خودمختاری کے بغیر وفاق نہیں چل سکے گا۔
عمران / ممتاز بھٹو
Post New Comment