کراچی (نامہ نگار) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے وفاقی نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ہم پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگا سکتے، حالات کی بہتری کے لئے قومی اسمبلی میں 5 قوموں سندھی، بلوچی، پنجابی، پشتون اور سرائیکی لوگوں کو برابری کی نشستیں دینا ہوں گی، بندوق کی نال پر آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔ وہ منگل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ہم فوجی مداخلت کے خوف سے جدوجہد ترک نہیں کر سکتے اور اگر فوجی مداخلت ہوئی تو ہم اس کی بھرپور مذمت کریں گے۔ انہوں نے مالاکنڈ اور سوات متاثرین کی کراچی آمد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ان کے قریبی علاقوں میں ہی رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج اکبر بگٹی اور بینظیر بھٹو کے قاتل سرعام گھوم رہے ہیں انہیں بے نقاب کرنے والا کوئی نہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ قادر مگسی نے کہا کہ سوات میں موجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ شہر میں موجود دہشت گردوں کو وزیر و مشیر بنایا جا رہا ہے۔
قادر مگسی
Post New Comment