کراچی (رپورٹ غزالہ فصیح) قرارداد مقاصد آئین کا حصہ ہے اس پر عمل کرایا جائے۔ عدالت عالیہ میری درخواست کانوٹس لیتے ہوئے احکام جاری کرے‘ یہ بات تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کا رکن وقار احمد زبیری نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کی ہے۔ 85 سالہ وقار زبیری پاکستان کی بانی مسلم لیگ کے رکن اور مجلس کارکنان تحریک پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری ہیں‘ انہوں نے 12جنوری 1946 ءکو مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن میرٹھ کے ممبر کی حیثیت سے اپنے د و ساتھیوں اقبال حسین اور تسنیم الحسن کے ساتھ مل کر اپنے خون سے پاکستان کا مجوزہ نقشہ بنا کر قائداعظم ؒ کو پیش کیا تھا۔ وقار زبیری نے ایڈووکیٹ اقبال حیدر کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قرارداد مقاصد پر آئین کے حصے کی حیثیت میں عملدرآمد کرایا جائے‘ تحریک پاکستان کے کارکنوں کو مراعات کے متعلق 2002 ء کے صدر اور گورنر سندھ کے جاری کردہ احکامات پر بھی عمل کروایا جائے‘ وقار زبیری نے کہا نظریہ پاکستان فاﺅنڈیشن کے چیئرمین مجید نظامی اور جسٹس جاوید اقبال کی کوششوں سے حکومت نے تحریک پاکستان کے کارکنوں کے لئے مراعات کا اعلان کیا تھا جن کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ سرکاری تقریبات‘ ریڈیو ٹیلی ویژن اور تعلیمی اداروں کے پروگراموں میں تحریک پاکستان سے وابستہ شخصیات کو مدعو کیا جائے ‘ حکومت سند ھ ان ہدایات پر عمل نہیں کررہی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی 2004ء میں تحریک پاکستان کے کارکنوں کو خصوصی مقام دینے‘ انہیں 5ہزار روپے ماہانہ اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے متعلق سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی تھی۔ وقار زبیری نے کہا ان کی صحت انہیں بار بار عدالت کے چکر لگانے کی اجازت نہیں دیتی ‘ خواہش ہے اپنی زندگی میں وہ قرارداد مقاصد پر عملدرآمد ہوتا دیکھ لیں لہٰذا عدالت عالیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فوری احکام جاری کرے‘ قرارداد پاکستان سے متعلق یادیں تازہ کرتے ہوئے وقار زبیری نے کہا انہوںنے قائداعظمؒ کو اپنے خون سے بنا کر جو نقشہ پیش کیا اس میں پورا پنجاب‘ بنگال اور کشمیر شامل تھے‘ قائد ؒ نے یہ نقشہ دیکھ کر ہم نوجوانوں کو تھپکی دی اور کہا ”مسلمانوں کا یہ اتحاد انشاءاللہ ہمیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے گا“ قائداعظم ؒ نے یہ نقشہ اپنے پاس سنبھال کررکھا جو ان کی وفات کے بعد ان کی نادر اشیاء اور ان کی دستاویزات سے ملا‘ یہ نقشہ اب کراچی یونیورسٹی آرکائیو ڈیپارٹمنٹ کے پاس محفوظ ہے۔
Post New Comment