کراچی (اے پی پی) سٹیٹ بینک 10 میگا واٹ تک کی گنجائش کے حامل قابل تجدید توانائی کے پاور پراجیکٹس کے قیام کے لئے فائنانسنگ کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ بجلی کے ان منصوبوں کے اسپانسرز نئے درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار شدہ پلانٹ، مشینری اور سامان کے حصول کے لئے بینکوں/ترقیاتی مالیاتی اداروں کے ذریعے فائنانسنگ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں قائم کئے جانے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ فائنانسنگ ان ممکنہ اسپانسرز کو دستیاب ہو گی جو 10 میگاواٹ تک کی گنجائش کے پروجیکٹس قائم کرنے کے خواہش مند ہوں اور انہوں نے حکومت پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی مروّجہ پالیسی کے تحت متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی آلٹرنیٹو انرجی ڈیویلپمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ حکومتی محکمے/ ادارے کی جانب سے مقرر کردہ شرائط پوری کر دی ہوں۔ سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ فائنانسنگ 10 میگاواٹ تک کی نصب شدہ صلاحیت کے حامل صرف ایسے نئے بجلی گھروں کے قیام کے لئے دستیاب ہو گی جو متبادل/قابل تجدید توانائی کے وسائل (ہوا، پانی، بائیوگیس، بائیوفیولز، شمسی توانائی اور جیوتھرمل کو بطور ایندھن) استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کریں گے۔
Post New Comment