میچ فکسنگ: فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنا دی‘ سازش کا پہلو نظرانداز نہیں کر سکتے ہیں: رحمن ملک

ـ 1 ستمبر ، 2010
  • Adjust Font Size

کراچی (ریڈیو نیوز + وقت نیوز + ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کے الزام کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف کسی قسم کی سازش کے امکان کو بھی مدنظر رکھا جائے گا، ہماری قیادت اس بات پر متفق ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور اسے مثال بنا دیں گے۔ وہ وفاقی وزیر کھیل اعجاز جاکھرانی سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ایف آئی اے کی ٹیم برطانیہ روانہ کرنے کی ضرورت نہیں، سکاٹ لینڈ یارڈ تفتیش کر رہی ہے اور ان کی رپورٹ آنے کے بعد ہی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کو روانہ کیا جائے گا تاہم یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ مذکورہ تین رکنی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے اور وزارت کھیل کا ایک نمائندہ شامل ہو گا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس ضمن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کو خط لکھ دیا گیا ہے تاہم ان کا جواب آنے کے بعد فیکٹ فائنڈنگ ٹیم روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ یہ پاکستانی ٹیم کو بدنام کرنے کی سازش نہ ہو۔ ہم حقائق تک پہنچنا چاہتے ہیں اگر یہ سازش ہے تو اس کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ جدید دور ہے اور ویڈیو جعلی بھی ہو سکتی ہے تاہم معاملہ کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا۔ رحمن ملک نے مزید کہا کہ وزارت کھیل اور ایف آئی اے کی مشترکہ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے‘ سکاٹ لینڈ یارڈ نے تحقیقاتی رپورٹ نہ بھیجی تو ٹیم کو لندن بھیجا جائے گا‘ ہمارا کام برطانیہ کے ساتھ موجود معاہدوں پر عمل کرنا ہے۔ انٹرپول کو کہا ہے کہ واقعہ میں پاکستان کا کام آ رہا ہے اس لئے ہمیں بتایا جائے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے کس بنیاد پر چھاپہ مارا ہمیں امید ہے کہ ان کی طرف سے جواب جلد مل جائے گا۔ اس موقع پر اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ برطانیہ میں پیش آنے والا واقعہ پوری قوم کے لئے صدمے کا باعث ہے‘ ملک کے لئے بھی باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ون ڈے سیریز کے لئے فی الحال کسی نئی ٹیم کو بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ فی الحال پاکستانی ٹیم کے خلاف چارجز فریم نہیں کئے گئے ہم انتظار کر رہے ہیں کہ کیا الزامات عائد کئے جائیں گے۔ قبل ازیں اجلاس میں میچ فکسنگ کے الزامات کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضرورت پڑنے پر ای آئی اے اور وزارت کھیل کے نمائندگان پر مشتمل ٹیم برطانیہ بھیجی جائے گی جو سکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions