او آئی سی کا سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب ڈالر امداد دینے کا وعدہ

ـ 30 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (آن لائن+ سپیشل رپورٹ) اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اکمل الدین احسان اوگلو نے کہا ہے کہ او آئی سی سفید ہاتھی نہیں ہے۔ اپنے کئے پر او آئی سی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا ، او آئی سی ممالک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ابتدائی طور پر ایک ارب ڈالر امداد دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ کشمیر کے موقف پر پاکستان کی حمایت پر او آئی سی کو کوئی پچھتاوا نہیں ہے حالیہ سیلاب کے باعث پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے‘ معیشت کی بحالی کے لئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی ممالک براہ راست براہ راست دو طرفہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کو امداد فراہم کررہے ہیں ۔ اسرائیلی امداد کسی صورت بھی قبول نہیں کرینگے۔ انڈونیشیا نے امداد 10لاکھ سے بڑھاکر 30لاکھ ڈالر کر دی جبکہ یو اے ای میں متاثرین کیلئے 2کروڑ ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں او آئی سی کے ممالک کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ او آئی سی ممبرز ممالک کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد ہوا ہے جس میں تمام ممبر ممالک نے پاکستان کی اس ناگہانی آفت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے ہم سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی تعمیر نو کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اسلامی ممالک کی جانب سے ملنے والی امداد، سول سوسائٹی ، این جی اوز اور او آئی سی کی تمام ایجنسیز کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔ او آئی سی ممالک اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تما م تر توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے آئی ڈی پیز کے لئے ابتدائی طور پر ایک ارب ڈالر کی امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ہے اور ہم یہ تمام رقم شفاف انداز میں تقسیم کریں گے‘ دہشت گردی کے باعث خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہم پوری طرح آگاہ ہیں اور کشمیر ایشو کے حل کے لئے ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینا قابل ستائش ہے۔ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے کویت ، سعودی عرب اور ابوطہی میں ٹیلی تھون کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری اور بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اپیل کرے گا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions