تازہ ترین:

حنا ربانی سے بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات، وزرائے خارجہ مذاکرات کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال

ـ 19 جولائی ، 2011
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+اے پی پی ) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات تسلسل سے جاری رہنے چاہئیں اور مذاکراتی عمل کو اتنا مضبوط ہونا چاہئے کہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ بات چیت کے آڑے نہ آسکے۔ انہوں نے منگل کے روز بھارت کے ہائی کمشنر شرت شبھروال سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا جنہوں نے دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے تمام شعبوں میں پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کیا اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ خطے کے ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات پاکستان کی پالیسی کا بنیادی عنصر ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل دراصل اعتماد کی بحالی کیلئے ہے جس کے نتیجے میں دیرینہ تنازعات کو حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیر خارجہ انکے دورے کے منتظر ہیں۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ وہ خود بھی اس دورے کا انتظار کررہی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان رواں ماہ کی 27 تاریخ کو نئی دہلی میں مذاکرات ہوں گے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور آئندہ پاک بھارت وزراءخارجہ کی ملاقات کے ایجنڈے پر بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں فرانسیسی سفیر سے گفتگو میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان فرانس اور یورپی یونین سے تعلقات کو نتیجہ خیز شراکت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے‘ وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ فرانس سے ہم آہنگی بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمت کا عمل وہیں ہونا چاہئے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions