گیلانی، نواز میں طے پانے سے کمشن نہیں بن سکتا، قومی اتفاق رائے ضروری ہے: کائرہ

ـ 19 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی اور نواز شریف کے درمیان سیلاب زدگان کیلئے قومی کمیشن بنائے جانے کے معاملے پر قومی اتفاق رائے ہونا ضروری ہے ۔صرف دو رہنماﺅں کے درمیان طے پانے سے کمیشن کیسے بن سکتا ہے اگر قومی اتفاق رائے کے بغیر کمیشن بن گیا اور کوئی صوبہ اعتراض کرتا ہے تو پھر کیا ہوگا۔ یہ معاملہ آج نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کے اجلاس میں زیر بحث آئیگا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی ، سینٹ اور قومی اسمبلی کے قائد ایوان اور حزب اختلاف سمیت دیگر حکام شریک ہونگے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ شہباز ائربیس یا کسی وزیر کی زمین کو بچانے کیلئے بند نہیں توڑے گئے اس کے باوجود تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم فی الحال قوم کو جس مشکل کا سامنا ہے ایسے معاملات اچھالنے کی ضرورت نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آمد و رفت کیلئے عارضی پل تعمیر کئے جا رہے ہیں اور وبائی امراض کے بچاﺅ کیلئے ستر ہزار افراد کیلئے ادویات خرید لی گئی ہیں، سیلاب سے 1475 افراد جاں بحق، 2052 زخمی اور 970520 گھر تباہ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا ہمیں امداد فراہم کر رہی ہے اس لئے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ پاکستان کا امیج خراب ہے۔ اس موقع پر محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل چوہدری قمرالزمان نے کہا کہ آئندہ ہفتے سمندر میں شدید طغیانی کے باعث سیلابی پانی سندھ کے ڈیلٹا کے علاقے میں پھیلنے کا خدشہ ہے، سندھ سے سیلابی ریلا 8سے 9 دن میں گزر جائے گا جبکہ تمام دریاﺅں میں دو سے تین روز میں پانی کا بہاﺅ معمول پر آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سے چار روز میں مزید موسلا دھار بارش کا امکان نہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions