اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی / ریڈیو مانیٹرنگ / وقت نیوز) قومی اسمبلی مےں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر و قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اس نظام کو ضرور مستحکم کیا جائے گا۔ ذاتی تلخیاں ایک طرف ہمیں جمہوریت کی کشتی کو مل کر پار لگانا ہے۔ صدر آصف زرداری ہر دوسرے، تیسرے ہفتے ایک نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہےں جس سے پورا نظام ہی خطرے مےں پڑ جاتا ہے۔ اگر چنگاری لگانے والے صدر ہوں گے اور وزیراعظم اس کو بھڑکائیں گے تو افراتفری تو ملک مےں پھیلے گی۔ ابھی ہم پوائنٹ آف نو ریٹرن پر نہیں پہنچے کوشش کر رہے ہےں کہ حکومت حقائق کو سمجھے، مسلم لیگ ن صدر زرداری کی ڈسی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وقت نیوز کے پروگرام ”بروقت“ مےں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری نثار علی نے آرمی چیف سے ملاقاتوں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ ہم نے ماضی سے سبق سیکھا ہے آئندہ کبھی بھی فوج کے کندھوں پر بیٹھ کر حکومت مےں نہیں آئیں گے۔ اس وقت سارے اختیارات کا محور ایوان صدر ہے جس سے خرابیاں جنم لے رہی ہےں، وزیراعظم کی قومی اسمبلی مےں ہونےوالی تقریر انتہائی مایوس کن تھی جس سے ان کے موقف مےں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے صدر کےساتھ وفا داری نبھانا ایک بات ہے مگر حقائق کو مسخ نہیں کرنا چاہئے۔ چودھری نثار نے مزید کہا کہ نواز شریف کےخلاف کبھی بھی ایک ڈالر کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شیخ رشید کی ضمنی الیکشن مےں حمایت کر کے منافقت کر رہی ہے حالانکہ شیخ رشید ان کی قیادت کو سرعام گالیاں دیتے رہے۔ ایک سوال کے جواب مےں انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کیا تو ہمیں بھی اسی طرف جانا پڑے گا۔
Post New Comment