اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے آپریشن راہ نجات میں مختصر عرصہ کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، قوم جلد جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کو شکست سے دوچار کئے جانے کی خوشخبری سنے گی، ہمیں اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے جو انسانیت کے دشمنوں کے خلاف بڑی بے جگری سے لڑ رہی ہیں، مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کا صفایاکریں گے۔ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی اور بیت اللہ محسود کے نیٹ ورک کو شکست سے دوچار کیا جائے گا‘ قوم جلد دہشتگردوں کی شکست کی خوشخبری سنے گی تاہم حتمی وقت نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے آپریشن راہ نجات میں مختصر عرصہ کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان عناصر کی جانب سے پھیلا ئے جانے والے اس مذموم پروپیگنڈے کو مسترد کردیا جو وہ تشدد کے حالیہ واقعات کے تناظر میں پاکستان کو ایک ناکام ریاست قرار دلانے کیلئے کر رہے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے اور ہم دہشتگردوں کو شکست سے دوچار کرنے اور سیکورٹی کے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اور ان کی پشت پر ہے۔
Post New Comment