اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آزادکشمیر کے ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد میں قائم پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کے مقدمہ میں مطلوب آزادکشمیر کے دونوں وزرا راجہ نصیر، پیر مرتضیٰ گیلانی، سابق وزیر راجہ یاسین، نومنتخب ایم ایل اے احمد رضا قادری اور مسلم کانفرنس کے رہنما سردار ابرا سمیت ساتوں افراد گرفتاری سے بچ کر آزادکشمیر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے گذشتہ رات اسلام آباد میں چھاپے مارتے ہوئے راجہ یاسین کے صاحبزادے راجہ شکیل جبکہ مسلم کانفرنس کے مرکزی سیکرٹریٹ سے 2 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گذشتہ سہ پہر پولیس نے کشمیر ہاوس کا محاصرہ ختم کر دیا ہے۔ ریاست کی حکمران جماعت مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق نے کشمیر ہاوس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ شخصیات کی گرفتاری کیلئے این آر او زدہ وفاقی وزیر داخلہ کے حکم پر پولیس کے چھاپے زرداری کی آزادکشمیر کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشن پر پیپلزپارٹی کی فائرنگ کی فوٹیج منظرعام پر آ چکی ہے لہٰذا حکومت عدالتی تحقیقات کرائے۔
Post New Comment