اسلام آباد (ثناءنےوز) وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل سید نوید قمر نے کہا ہے کہ گیس کی قلت 500 ملین میٹرک فٹ یومیہ تک پہنچ گئی ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ فروری تک ختم ہونے کا امکان ہے تاہم اس کا انحصار موسم پر ہے۔ ایل این جی کی در آمد کے حوالے سے رواں ماہ کے دوران ہی کوئی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کارکردگی بہتر نہ بنائی تو حکومت مداخلت کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سید نوید قمر نے کہا کہ حالیہ سالوں میں گیس کے نئے ذخائر تلاش نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے پیداوار کی نسبت طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے‘ انہوں نے واضح کیا کہ وزارت پٹرولیم یا گیس کمپنی کابینہ کے فیصلہ سے تجاوز نہیں کرے گی اور گیس لوڈ منیجمنٹ پلان سے زیادہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے نئے بلاکس کی نیلامی کے بعد تیزی کے ساتھ لائسنس دینے کا عمل جاری ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ قادر پور گیس فیلڈ کی پیداوار کو نہ صرف مستحکم رکھا جائے بلکہ اس میں اضافہ بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قادر پور گیس فیلڈ کے نئے یونٹس کی تیاری میں تاخیر کی وجہ عدالتوں کی جانب سے حکم امتناعی کا اجرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ایل پی جی کے عارضی کوٹے منسوخ کر دئیے تھے تاہم اس پر حکم امتناعی سے معاملات رک گئے۔
Post New Comment