اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے حکومت بھارت کے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کرے۔حکومت کو بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے اس بیان کا بھرپور جواب دینا چاہئے جس میں انہوں نے کشمیر میں دہشت گردی میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔ قاہرہ میں اسلامی تنظیموں کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں بھارت کی بالادستی خواہ امریکہ کی حمایت کے ساتھ ہو پاکستان کی سلامتی کے منافی ہے۔جنرل پرویز مشرف کے دور میں کوئی موثر حکمت عملی نہ اپنانا قابل افسوس ہے لیکن اب منافی پالیسی کو کسی صورت بھی جاری نہیں رکھنا چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر بھارت کے ساتھ کمزور پالیسی جاری رکھی گئی تو بھارت کو اپنے جارحانہ عزائم کی تکمیل میں تقویت ملے گی۔
بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لئے معذرت خواہانہ پالیسی بھارتی رویہ میں مزید تکبر کا عنصر شامل کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جنرل پرویز مشرف کی کشمیر پالیسی کو آگے بڑھانے کی کوشش ترک کرے۔
Post New Comment