اسلام آباد (عترت جعفری) مسابقتی کمیشن کے چیئرمین خالد مرزا نے کہا ہے کہ مسابقتی کمیشن عوام کے حق میں کھڑا ہوا ہے اس لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہمارے مخالف موجود ہیں۔ خالد مرزا نے یہ بات گزشتہ روز نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ مسابقت کا قانون 83 ممالک میں موجود ہے۔ یہ مسابقت کمیشن کی کارکردگی تھی کہ سیمنٹ کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں مسابقتی کمیشن کی تعریف کی۔ مسابقتی کمیشن نے بینکنگ سیکٹر میں چار بینکوں کو سزا د تھی۔ یہ سزا دھوکہ دہی پر مبنی طریقہ اختیار کرنے پر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اگر اکنامک ایجنٹس آس میں مل جائیں تو عوام کو کون فائدہ دے گا۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ کون کرے گا۔ مسابقتی کمیشن قانونی کاروبار کی حمایت کرنے والا ادارہ ہوتا ہے ہم جو شکایتیں سنتے ہیں وہ کاروباری سیکٹر ہی سے آتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسابقتی کمیشن نے اب تک کھاد پی آئی اے‘ سٹاک ایکس چینجز‘ چارٹرڈ اکاونٹنٹ سمیت اثرورسوخ رکھنے والے مختلف اداروں کو غلط طور طریقہ اختیار کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جبکہ شوگر انڈسٹری کے بارے میں کارروائی ہو رہی ہے۔
Post New Comment