اسلام آباد + راولاکوٹ (آن لائن + آئی این پی) وزیر داخلہ رحمن ملک سے پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ایئر چیف مارشل (ر) جیلاتھ ویراکوڈے نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم اور پائیدار بنایا جائے گا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مستقبل میں مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر داخلہ رحمن ملک کو سری لنکا میں نادرا کی طرف سے فراہم کی گئی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ رحمن ملک سے انجمن طلبہ اسلام کے وفد نے ملاقات کی‘ اس موقع پر رحمن ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونےوالی دہشت گردی تحریک آزادی پر اثر انداز ہو گی‘ وطن عزیز میں ہونے والی دہشت گردی اور انتہا پسندی ان ملک دشمن عناصر کی کارروائیاں ہیں جنہوں نے پاکستان بنانے کی مخالفت کی تھی، انجمن طلبہ اسلام نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں امن و محبت کی فضا قائم کرنے اور دہشت گردی کے خلاف قائدانہ کردار ادا کر کے دوسری تنظیموں کے لئے مثال قائم کر دی ہے۔ اس موقع پر مرکزی ناظم جموں کشمیر انجمن طلبہ اسلام محمد وسیم مصطفائی نے آزاد کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر ایک پر امن خطہ ہے اور تحریک آزادی کے اس بیس کیمپ اس طرح کی حرکات تحریک آزادی کے خلاف گھناﺅنی سازش ہے۔
Post New Comment