اسلام آباد (نامہ نگار+ ریڈیو نیوز+ وقت نیوز+ ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے جعلی ڈگری والے مزید 4ارکان پارلیمنٹ کو طلب کر لیا ہے، وضاحت کیلئے طلب کئے گئے ارکان میں قبائلی علاقے سے رکن اسمبلی اخونزادہ چٹان بھی شامل دیگر میں سردار علی، مولوی عبیداللہ اور رکن صوبائی اسمبلی سید عاقل شاہ ہیں۔ ارکان کو 6ستمبر کو وضاحت کیلئے کہا گیا ہے جبکہ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن جاوید لغاری نے کہا ہے کہ 1085ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں تصدیق کیلئے بھجوا چکے ہیں جن میں سے 371 ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ 599 ڈگریوں کی تصدیق باقی ہے جبکہ اب تک 50 ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں جعلی قرار دی جا چکی ہیں، سیلاب کے باعث ڈگریوں کی تصدیق کا عمل متاثر ہوا ہے۔ جامعات کی طرف سے تصدیقی عمل کی تکمیل کیلئے عید کے بعد ڈیڈ لائن دی جائیگی۔ گذشتہ روز ہائر ایجوکیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے سکالر شپ کے حامل طلباءو طالبات کو رواں سال تدریس کیلئے بیرون ملک نہیں بھجوا سکتے جبکہ جاری منصوبوں کی تکمیل بھی نہیں ہو سکے گی جو ایک ارب 40کروڑ روپے کی رقم حکومت کی طرف سے ملی وہ ہم نے سکالر شپ والے طلبا کے تعلیمی اخراجات کیلئے دی ہے۔ اس وقت ہمارے پاس کچھ نہیں ہے حکومت دیگر وزارتوں کی طرح کمیشن کے ترقیاتی فنڈز میں سیلاب کی وجہ سے کٹوتی نہ کرے، 7ارب روپے کمیشن کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ دینے کیلئے درکار ہیں، آئندہ دو سالوں میں پی ایچ ڈی کی سالانہ تعداد ایک ہزار تک پہنچا دیں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہے اس لئے یہ براہ راست وزیراعظم کو جوابدہ ہے ۔ پاکستان تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ گذشتہ 8 سال سے یونیورسٹیوں کی تعداد 258 تک پہنچ چکی ہے۔ عالمی سطح پر 600جامعات میں ہماری 5جامعات شامل ہیں۔ کوشش ہے کہ اس تعداد کو بڑھاکر 15سے 20تک لے جایا جائے۔ علاوہ ازیں ارکان اسمبلی نے انٹر، میٹرک کی اسناد اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی جمع کرانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروفیات کے باعث دستاویزات جمع کرانے سے معذوری ظاہر کی ہے جس پر یونیورسٹی نے اراکین اسمبلی کو مزید مہلت دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔این این آئی کے مطابق الیکشن کمشن جعلی اور مشکوک ڈگریوں کے حامل مزید ارکان پارلیمنٹ کو طلبی کیلئے نوٹس جاری کرے گا۔ الیکشن کمشن کے جوائنٹ سیکرٹری افضل خان نے کہاکہ ہم ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو 2ماہ میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمشن نے واضح کہا ہے کہ ایوان صدر کی طرف سے ارکان کی ڈگریوں کی تصدیق کے حوالے سے دباﺅ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
Post New Comment