ڈیرہ اسماعیل خان + لاہور (نامہ نگار + مانیٹرنگ نیوز + ایجنسیاں + خصوصی رپورٹر) ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلع کچہری کی کار پارکنگ میں وکیل کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں ان کا گن مین اور ڈرائیور جاںبحق جبکہ وکیل سید مستان علی شاہ سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے ایک فلائنگ کوچ سمیت 6 گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ وکلا نے واقعہ کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان کے کشمیر بازار میں بھی بم دھماکہ ہوا ہے تاہم نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلع کچہری میں وکلاء کی کار پارکنگ میں ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے دھماکہ کیا گیا۔ سید مستان علی شاہ ایڈووکیٹ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کی گاڑی پارکنگ میں آ رہی تھی کہ سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹ گیا۔ جاںبحق افراد میں متذکرہ وکیل کے گن مین اسد عباس شاہ اور ڈرائیور اقبال شاہ شامل ہیں دونوں پولیس اہلکار تھے اور انتظامیہ نے سکیورٹی کے حوالے سے دونوں پولیس اہلکاروں کی خدمات وکیل کو دے رکھی تھیں۔ زخمیوں میں منظور، ارشد، منظور حسین، اقبال اور مستان زیدی ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ دھماکہ خیز مواد کا وزن 8 سے 10 کلو تھا اور یہ ایک پریشر ککر میں رکھا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ دھماکے سے زمین میں بڑا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کر لی۔ بی بی سی کے مطابق وکیل کا تعلق شیعہ مسلک سے ہے اور ان کے خاندان کے تقریباً 20 افراد کچھ عرصہ قبل ایک خودکش دھماکے میں جاںبحق ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف‘ صدر میاں شہباز شریف‘ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت‘ مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان‘ استقلال پارٹی کے سربراہ سید منظور علی گیلانی و دیگر نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
Post New Comment