لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مذاکرات کی آڑ میں پاکستانی دریاﺅں پر مزید ڈیموں کی تعمیر اور مقبوضہ کشمیر پر فوجی قبضہ مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں مذاکرات کے حوالہ سے بھارت کے ماضی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ سمیت پاکستان سے کبھی کسی معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت پاکستانی دریاﺅں پر قبضہ نہیں چھوڑتا اور کشمیریوں کو مکمل آزادی نہیں دیتا مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی دریائے چناب پر ایک اور بڑا ڈیم بنانے کی تیاری‘ کنٹرول لائن پر آئے دن جارحیت‘ بلوچستان میں مداخلت کے باعث بھی مذاکرات کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں۔ حکومت کو بھارت و امریکہ کے دباﺅ کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ کشمیر اور پانی جیسے اہم مسائل کو ایجنڈے میں شامل کئے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
Post New Comment