تازہ ترین:

بدترین لوڈشیڈنگ جاری : گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ پتوکی سمیت کئی شہروں میں مظاہرے

ـ 22 جنوری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور + گوجرانوالہ + شیخوپورہ (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار خصوصی) بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ لوگوں کوشدید پریشانی کا سامنا ہے اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف گوجرانوالہ‘ پتوکی‘ گوجرہ‘ سرائے عالمگیر‘ جلالپور جٹاں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کئی علاقوں میں بجلی اور گیس کے ساتھ ساتھ پانی بھی غائب رہا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں لوڈمینجمنٹ کے تحت سی این جی سٹیشنوں پر دوسرے روز بھی گیس کی سپلائی بند رہی۔ تفصیلات کے مطابق شہروں اور دیہات میں 12 سے 20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے لوگ بلبلا اٹھے۔ بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبار شدید متاثر اور طلبا کو امتحانات کی تیاری میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کا شارٹ فال 3171 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ گوجرہ میں پاور لوم لیبر یونین‘ رکشہ ڈرائیور یونین اور ریڑھی بان یونین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 14 گھنٹوں سے تجاوز کرنے پر انجمن تاجران پتوکی کے زیر اہتمام لوگوں کی بڑی تعداد نے مین روڈ پتوکی پر شدید احتجاج کیا پرامن ریلی نکالی صدر انجمن تاجران پتوکی رحمت علی‘ صدر انجمن صرافہ بازار پتوکی حاجی محمد علی مدنی اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک صنعتی لحاظ سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف جگنہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے سینکڑوں مکینوں نے حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا اور واپڈا کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس احتجاج میں شریک افراد نے سڑک پر دھرنا دیتے ہوئے سینہ کوبی کی۔ 12 بجے کے قریب سیالکوٹ روڈ جگنہ کے رہائشی افراد نے ایک گھنٹہ تک جگنہ بازار روڈ بلاک رکھا جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا۔ مظاہرین نے بھی ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر واپڈا اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید سخت نعرے بھی درج تھے۔ نامہ نگاران کے مطابق سرائے عالمگیر اور جلالپور جٹاں میں سینکڑوں لوگوں نے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے کئے اور حکومت اور واپڈا کیخلاف نعرے بازی کی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی لاہورروڈ پر کوٹ عبدالمالک کے قریب سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی جلوس نکالا جس میں شامل مشتعل افراد نے محکمہ سوئی گیس کے اعلی حکام کا پتلا نذر آتش کیا اور ٹائر جلا کر شیخوپورہ روڈ بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی۔ نامہ نگاران کے مطابق ٹھینگ موڑ اور نارنگ منڈی میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ رہی۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions