مظفرآباد (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) آزاد کشمیر‘ مقبوضہ کشمیر‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم قرارداد الحاق پاکستان جوش و خروش اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور ساری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔ گذشتہ روز آزاد کشمیر میں عام تعطیل تھی۔ نماز فجر کے بعد شہدائے جموں و کشمیر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آزادکشمیر میں مختلف تقریبات میں مقررین نے یوم قرارداد الحاق پاکستان اور اس کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کے قیام سے قبل 19 جولائی 1947ءکو اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کرکے قوم کو امید کی نئی کرن دکھائی تھی۔ بھارت نے 64 سالوں سے طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو پیدائشی حق‘ حق خودارادیت سے محروم کر رکھا ہے۔ ریاست جموں کشمیر کے مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیری عوام کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے الحاق تک کی جدوجہد کی تجدید کر رہے ہیں۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہاوس کے ساتھ ڈی چوک تک الحاق پاکستان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے بعد وفد نے اقوام متحدہ کے دفتر مں سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت پیش کی۔
Post New Comment