جرمنی کی پاکستان کو افغانستان اور چین تک ریلوے ٹریک بچھانے میں تعاون کی پیشکش

ـ 20 دسمبر ، 2009
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (اے پی پی) جرمنی نے پاکستان ریلوے کو گوادر سے افغانستان، ایران اور حویلیاں سے چین تک ریلوے ٹریک بچھانے میں تعاون کی پیشکش کی ہے جبکہ رولنگ سٹاک اور فریٹ ٹرین مینجمنٹ کے شعبہ میں بھی تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ریلوے،سی ڈی ایم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں جرمنی کے تعاون سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان عشروں پرانے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ جرمن وفد سے ملاقات کے بعد ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان ریلوے کوجدیدخطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں جرمنی سے تعاون کی درخواست کی ہے اور جرمنی نے پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔ جرمن وفد نے پاکستان میں تینوں مذکورہ شعبوں میں تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے جرمن حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ ریلوے، ماحول دوست منصوبوں اورانسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں کی بہتری کےلئے پاکستان کو نرم شرائط پر قرضے فراہم کرے۔ انہوں نے اس موقع پر فریٹ ٹرین مینجمنٹ کے شعبہ میں بھی تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وفد نے اس موقع پرزیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جرمن حکومت گوادرسے افغانستان ، ایران اور حویلیاں سے چین تک معیاری گیج کے نئے ریلوے ٹریک بچھانے میں مدد کرےگی۔ اس حوالے سے سیکرٹری و چیئرمین ریلوے سمیع الحق خلجی نے کہا کہ ریلوے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے تمام مسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں چین، جرمنی، اٹلی، سویڈن اور کینیڈا نے مختلف شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions