لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر دفاع چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بڑے حوصلے اور بہادری سے جیلیں کاٹی ہیں اور وہ اب بھی تیار ہیں۔ وہ عدالت میں ضرور پیش ہوں گے۔ سونامی گندے نالوں میں چلی گئی ہے۔ سونامی کا بادشاہ ہو، نواز شریف یا لوٹا شاہ محمود قریشی تینوں کو انتخابات میں ہرا دیں گے۔ وہ لاہور پہنچنے پر ائر پورٹ پر اخبار نویسوں سے بات چیت، پیپلز یونٹی کے جلسے اور پیپلز سیکرٹریٹ (پنجاب) کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ احمد مختار نے کہا کہ میمو کا معاملہ میاں نواز شریف عدالت میں لے کر گئے تھے مگر یہ پتہ چلنے پر کہ اس میں کچھ نہیں وہ لندن چلے گئے۔ اس سوال پر کہ وزیراعظم پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی گئی تو نیا وزیراعظم کون ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اللہ نے کرنا ہے۔ اس سوال پر کہ اب منصور اعجاز کا بیان ویڈیو کانفرنس سے ریکارڈ ہو گا تو انہوں نے کہا پہلے ایسا سنا نہ دیکھا، فیصل ٹاﺅن میں پیپلز پارٹی کے نئے سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد مختار نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے غلطی کی کہ شاہ محمود قریشی کو لیڈر بنا دیا۔ ورنہ وہ ملتان کی گلیوں میں پھر رہا ہوتا، اپوزیشن جو مرضی الزامات لگائے اگلا الیکشن ہم جیتیں گے۔ امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ عمران خان ایک گیند سے دو وکٹوں کی بات کرتے ہیں ہم ہیٹ ٹرک کرینگے۔ شوکت بسرا نے کہا کہ اگلے الیکشن میں بھی ہم ہی جیتیںگے۔ رائے ونڈ کے بادشاہ نظر آئیں گے نہ سونامی خان کامیاب ہو گا۔ ہم ایک تیر سے دو شکار کرینگے، سمیع اللہ خان نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مضبوط ہوں گی تو جمہوریت مضبوط ہو گی۔ قبل ازیں لاہور ائر پورٹ پر پیپلز یونٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احمد مختار نے کہا کہ تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے، تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا اور جو لوگ ترقی کے منتظر ہیں انہیں ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے ترقی پانے والوں کو لیٹر دئیے۔ مرکزی صدر یو سی مولاداد لغاری، ساجد گجر، حسین عباسی، بشیر احمد چنا، اشرف شاہ، عمر شریف غازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
احمد مختار
Post New Comment