لاہور (ایوان وقت رپورٹ) متحدہ تحریک خلافت‘ خلافت راشدہ کا نظام ملک اور دنیا میں ایک مرتبہ پھر قائم کرنے کی خواہاں ہے تاکہ انسانیت سکھ کا سانس لے۔ انسانوں کے بنائے ہوئے تمام نظام آمریت‘ ملوکیت‘ جمہوریت آزمائے جاچکے اور ناکام رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں ایک مرتبہ پھر خلافت راشدہ کا نظام قائم کیا جائے جس میں مسلم و غیرمسلم اپنے اپنے دائرے میں رہ کر حقوق پورے کریں۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ تحریک خلافت کے صدر سید مقبول احمد شاہ‘ جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرﺅف فاروقی اور وقار مصطفی سیکرٹری نشر و اشاعت نے گزشتہ روز ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مقبول شاہ نے بتایا کہ متحدہ تحریک خلافت نظام خلافت کے احیاءکیلئے کام کرنیوالی تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جو کہ دو سال قبل قائم کیا گیا ہے۔ اس میں تحریک عظمت اسلام‘ تحریک امارت شریعہ‘ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ‘ تحریک احیائے خلافت اور تحریک نظام خلافت راشدہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ تحریک خلافت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ خواتین و عوام کے پاس خلافت راشدہ کا نظام لیکر جائیگی اور انہیں باور کروائیں گے کہ اس نظام میں ہی انسانیت کی فلاح اور انسانوں کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ تحریک خلافت انتخابی اتحاد نہیں ہے نہ ہی ہم اس پلیٹ فارم سے الیکشن میں جائینگے تاہم ہم رائے عامہ ضرور ہموار کریں گے کہ انتخابات میں صرف ان امیدواروں کو ہی کامیابی مل سکے جو کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورے اترتے ہوں۔
Post New Comment