نئی دہلی (این این آئی) بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے پولیس کو مکمل ذمہ داری سونپنے کا دوررس نتائج کاحامل ایک منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیردفاع اے کے انتھونی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جہاں تک پالیسی کا معاملہ ہے تو کشمیر سے متعلق وہ بالکل صاف ہے، ہمارا حتمی مقصد یہ ہے کہ وادی میں صورتحال معمول پر لائی جائے اور امن و قانون کی ذمہ داری پولیس کو سونپی جائے۔ فوج آسانی کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہوگی۔ جب ان سے پوچھاگیا کہ کیا حکومت کاکوئی ایسا منصوبہ ہے کہ وادی سے فوج کی تعداد میں کمی کی جائے، اس امر کے باوجود کہ وہاں تشدد کی وارداتوں اور دراندازی میں اضافہ ہوا ہے تو ایتھونی نے کہاکہ اس وقت ہمیں یہ محسوس ہو رہا ہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران دشمن سرحد کے اِس پار دراندازی کی کوششوں میں لگا ہوا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی اگر مکمل جائزہ لیا جائے تو کشمیر کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور وادی کا موازنہ اگر گذشتہ برسوں سے کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے تو تشدد کا گراف کم ہوا ہے“ لیکن میں خبردار کرتا ہوں کہ ایسے عناصر ضرور موجود ہیں جوصورتحال میں بہتری آنے کو پسند نہیں کرتے، ایسے عناصر ضرور ہیں جوبہتری دیکھنا نہیں چاہتے، اسی لئے وہ تشدد کو بڑھاوا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
Post New Comment