بعض عناصر کو جمہوری نظام پسند ہے نہ راس‘ عوام کی اکثریت حامی ہے‘ جمہوریت کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی : صدر زرداری

ـ 27 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size
بعض عناصر کو جمہوری نظام پسند ہے نہ راس‘ عوام کی اکثریت حامی ہے‘ جمہوریت کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی : صدر زرداری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ پاکستان کے عوام نے بڑی قربانیوں کے بعد جمہوریت بحال کرائی ہے۔ وہ گذشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن سے بات چیت کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے صدر زرداری سے ایک گھنٹہ تک ”ون آن ون“ ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت اتفاق رائے کی حکومت ہے جس میں ملک کی تمام اہم سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔ حکومت میں شامل اتحادی پارٹیوں کے گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں‘ شکووں کو باہمی مشاورت سے دور کیا جا سکتا ہے۔ بعض عناصر کو جمہوریت پسند آتی ہے نہ ہی راس آتی ہے مگر عوام کی بڑی اکثریت جمہوری نظام کی حمایت کر رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے صدر سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال‘ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے بیان اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ فضل الرحمن نے ایوان صدر میں نماز مغرب کی امامت کی اور صدر زرداری نے مولانا کی امامت میں نماز ادا کی۔ اس موقع پر مولانا نے سیلاب کی صورتحال‘ پاکستان کو پیش آنے والی مشکلات کے خاتمے کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرائی۔ انہوں نے افطار ڈنر بھی صدر کے ساتھ کیا۔ افطار ڈنر میں وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناءمولانا محمد قاسم رکن قومی اسمبلی اور دےگر افراد پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قوم پرست جماعتیں پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے درپے ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں امریکی حکومت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جب تک کراچی میں ایم کیو ایم موجود ہے طالبان کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جتنے فسادات اور قتل و غارت شروع ہے یہ ماضی کی طرح صرف ایم کیو ایم والے کر رہے ہیں‘ اس وقت یہ ملک کی سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم ہے۔ کراچی میں ہزاروں افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین لندن فرار ہو کر وہاں سے پاکستانی عوام اور حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں‘ حکومت کو نت نئے ہتھکنڈوں سے دبا کر اپنے مذموم عزائم پورے کر رہے ہیں‘ انہوں نے حب الوطنی کا مذاق اڑا کر برطانیہ کی شہریت حاصل کی‘ اس کے باوجود پاکستان دشمنی میں مصروف ہیں اور یہ امریکی حکومت کی ایما پر پاکستان کو ایک بار پھر پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں ایم کیو ایم کراچی میں روزانہ پختونوں کا خون بہا رہی ہے۔ ملک نازک صورتحال میں ہے الطاف شرپسندی پر مبنی بیانات جاری کر رہے ہیں‘ انہیں چاہئے کہ واپس آ کر زخموں پر مرہم رکھیں نہ کہ نمک پاشی کرتے رہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions