لاہور (خبر نگار خصوصی + سٹاف رپورٹر + خبر نگار) گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی جانب سے لوکل باڈیز ترمیمی ایکٹ پر دستخط کے بعد بلدیاتی ادارے تحلیل ہو گئے او ر ان کی جگہ ایڈمنسٹریٹرز آج اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے‘ پنجاب اسمبلی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 4 فروری کو اکثریت رائے سے منظور کیا تھا۔ گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور پرائیویٹائزیشن بورڈ ایکٹ کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے۔ وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی اور شریف برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2010ءپر دستخط کئے۔ آج سے ناظمین کی جگہ ایڈمنسٹریٹرز تعینات ہوں گے جو سیاسی افراد نہیں ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کا دوسرا پارلیمانی سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ستمبر میں منعقد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر مقدمہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپیاں جلانے پر درج کیا گیا‘ اس میں پنجاب حکومت یا مسلم لیگ (ن) ملوث نہیں‘ میرٹ پر تفتیش کے بعد ہی گرفتاریاں ہوں گی‘ تاہم میں سیاسی طور پر چاہتا ہوں کہ اسے نظرانداز کر دیا جانا چاہئے لیکن تفتیشی افسر کو قانون کے مطابق کارروائی سے روکنے کے لئے کسی طور پر دباو نہیں ڈال سکتے۔ بورڈ ملازمین کی ہڑتال کے سوال پر انہوں نے کہا حکومت ان ملازمین کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی‘ امتحانات ہر صورت میں ہوں گے۔ سٹاف رپورٹر/ خبر نگار کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا پیپلز پارٹی پنجاب کے عہدیداروں اور کارکنوں کیخلاف پولیس کی واقعاتی رپٹ پر قانونی ماہرین سے صلاح مشورے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور اس مقدمہ کے اندراج کے سلسلے میں رجسٹرار نے کوئی حکم دیا نہ سپریم کورٹ کی کوئی ہدایت تھی بلکہ میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کی بنیاد پر یہ درج ہوا‘ ایک سوال پر انہوں نے کہا ساجدہ میر نے خودسوزی کی دھمکی واپس لے لی ہے۔ لودھراں میں سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے سکواڈ کی گاڑی کی زد میں آکر ہونے والی ہلاکت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ محض ایک حادثہ تھا اور حسب ضابطہ اس پر کارروائی عمل میں لائی گئی لہٰذا اس میں سے کہانی نہیں گڑھنی چاہئے۔ خبر نگار خصوصی کے مطابق انہوں نے کہا ایڈمنسٹریٹر سیاسی نہیں ہوں گے بلکہ گریڈ 17 اور 18 کے کسی بھی افسر کو تعینات کیا جا سکتا ہے جبکہ بڑے اضلاع میں گریڈ 20 کے افسر کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کالعدم جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تمام لوگ دہشت گرد نہیں جب مسلم لیگ (ن) اپنے امیدوار کے لئے ووٹ مانگنے جائے تو کالعدم سپاہ صحابہ والوں کو دہشت گرد کہا جاتا ہے لیکن جب دوسرے جائیں تو وہ معزز شہری بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی کے 16ویں سیشن میں چار انتہائی اہمیت کے بل پاس کئے گئے۔ انہوں نے شیخ وقاص کی طرف سے کالعدم سپاہ صحابہ کے رہنماوں سے ملاقات کے سوال پر کہا میں نے پی پی 82 جھنگ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں کالعدم سپاہ صحابہ کے مولانا احمد لدھیانوی سے ملاقات کی جبکہ شیخ وقاص بھی ان سے ایک مرتبہ نہیں بلکہ دس مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے پنجاب حکومت کی تمام ناظمین کے دفاتر سیل اور گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈی سی اوز ڈسٹرکٹ ناظم کی جگہ ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جی این آئی کے مطابق پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے اور رات گئے تک سول سیکرٹریٹ میں افسروں کی لسٹیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے دفتر میں تیار کی جاتی رہیں۔ علاوہ ازیں رانا ثناءاللہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سپاہ صحابہ سے میری وابستگی شکست خوردہ عناصر کا الزام ہے۔
Post New Comment