تازہ ترین:

سوات میں لوگوں کی نقل مکانی کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں : نوازشریف

ـ 12 مئی ، 2009
  • Adjust Font Size

مردان (مانیٹرنگ سیل + ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سوات اور دیگر علاقوں معصوم لوگوں کو اپنے گھروں‘ کاروبار اور املاک کو چھوڑنے پر مجبور کرنے‘ انہیں دربدر کرنے والے اور علاقے میں آپریشن کا سبب بننے والے عناصر کسی طور بھی رحم اور رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مردان میں واقع شیخ شہزاد ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف ریلیف کیمپوں کے مختصر دورے پر صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے مردان پہنچنے، بیگم کلثوم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اپنے گھروں سے بے گھر ہونے والوں کی پریشانیوں اور تکلیفوں کا ہمیں احساس ہے اور پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں بونیر‘ دیر‘ سوات اور مالاکنڈ ایجنسی میں آپریشن سے متاثرین کو کسی بھی حال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہرممکن مدد کریں گے۔ وفاقی حکومت کو سوات متاثرین کیلئے زیادہ سے زیادہ امداد دینی چاہئے۔ پورا پنجاب متاثرین مالاکنڈ کے ساتھ ہے۔ جن لوگوں کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے معاشرہ انہیں تسلیم نہیں کریگا۔ یہ وقت سوات آپریشن پر اعتماد میں لینے کی باتوں کا نہیں اب آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے متاثرین کے مسائل بھی سنے۔ این این آئی کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پنجاب حکومت بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنے والے متاثرین کیلئے جگہ دینے کو بھی تیار ہے۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے نواز شریف کی گاڑی خود وزیراعلیٰ سرحد نے ڈرائیو کی۔ آن لائن کے مطابق بیگم کلثوم نواز نے کہا ہے کہ سوات اور قبائلی علاقوں میں طالبان نہیں دشمن ملک کے مسلط کردہ لوگ ہیں جو مشرقی پاکستان جیسی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں، قوم متاثرین کے ساتھ اور ان کے غموں میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری دعا ہے کہ یہ لوگ جلد اپنے گھروں کو روانہ ہوں۔ اس موقع پر وزیراعلی سرحد امیر حیدر خان ہوتی‘ اعظم خان ہوتی‘ حنیف عباسی‘ سرانجام خان اور پیر صابر شاہ بھی موجود تھے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions