اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں + نیٹ نیوز) پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند پاکستان کی جمہوری حکومت‘ اداروں اور ملک کے استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔ رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کی جمہوری حکومت اور اداروں کے استحکام کے لئے پاکستان کی بھرپور مدد کریگی۔ رچرڈ ہالبروک گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ دورہ کا مقصد سوات آپریشن سے متاثر ہونے والے مہاجرین کی مدد اور ان کی ضروریات کا جائزہ لینے سے متعلق ہے۔ امریکی نمائندہ نے کہا کہ میں صدر اوباما کی خصوصی ہدایت پر پاکستان آیا ہوں اور میں نے دورے کے بارے میں براہ راست صدر اوباما کو رپورٹ دینا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام کے دل جیتنا ہونگے۔ رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوری حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جنگ انتہا پسندوں کے ساتھ ہے ہم نے جب دل و دماغ میں جاری جنگ جیت لی تو دہشتگردی کیخلاف آدھی جنگ جیت جائیں گے۔ ہم نظریات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں جہاں بھی دہشتگردی کا سامنا ہو گا ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔ ہمیں عوام کے دل و دماغ جیتنا ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو دہشتگردوں کے خاتمے کے بارے میں واضح نظریات رکھتی تھیں وہ خود دہشتگردی کا شکار ہوئی ہیں۔ اس وقت پورا ملک دہشتگردی کی آگ کی لپیٹ میں ہے۔ ہالبروک نے کہا کہ امریکہ پاکستانی عوام کیلئے فکر مند ہے اور ہرممکن طریقے سے پاکستان کی مدد کرے گا۔ سوات متاثرین کی مشکلات سے آگاہ ہیں۔ متاثرین کی ہر سطح پر مدد جاری رکھیں گے۔ پاکستانی نژاد لیڈی ڈاکٹر سوات متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے امریکہ سے پاکستان آ رہی ہیں۔ میں صدر اوباما کی خاص ہدایت پر پاکستان آیا ہوں ایٹمی معاملات پر عوام میں بات نہیں کرتا‘ صدر اوباما نے کانگریس سے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر اضافی امداد مانگی ہے امید ہے کانگریس اس امداد کی منظوری دیدے گی۔ حافظ سعید کی رہائی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ امریکہ اس معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دہشتگرد اب فرار ہو رہے ہیں۔ جمہوری حکومت نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انشاء اللہ ہم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان 17ویں ترمیم پر بیان بازی پر کوئی تشویش نہیں۔ 17ویں ترمیم کے خاتمہ پر صدر آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف میں اتفاق ہو چکا ہے۔ طیارے میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہالبروک نے کہا کہ سوات‘ بونیر اور دیگر علاقوں کے شدت پسند محمد علی جناحؒ کے پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
Post New Comment