اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی ہے جس میں امداد دینے والے ممالک، عالمی مالیاتی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بدترین سیلاب اور بارشوں سے ہونیوالی تباہی کے پیش نظر پاکستان کی مدد کریں تاکہ اس صورتحال کے ساتھ نبٹا جاسکے اور ملک کی طویل المدت ضروریات پوری کی جاسکیں۔ قرارداد میں سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کی انسانی ضروریات، تعمیر نو اور بحالی کیلئے بین الاقوامی برادری کو جھنجھوڑنے کی کوششیں مزید تیز کردیں تاکہ پاکستان کی فوری اور موزوں مدد کی جاسکے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے جس پیمانے پر تباہی ہوئی ہے وہ موسمی تبدیلی کے منفی اثرات اور ممالک میں بارشوں اور سیلاب سے ممکنہ تباہی کی آئینہ دار ہے۔ جنرل اسمبلی کے صدر ٹریکی جنہوں نے قرارداد پیش کی تھی، کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ثابت ہوگیا ہے کہ اقوام متحدہ امداد کی فراہمی کی خصوصی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس قرارداد سے یہ مضبوط اور موثر پیغام پہنچے گا کہ اس مشکل گھڑی میں دنیا پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔
Post New Comment