واشنگٹن (ندیم منظور سلہری سے) ایک اخبار نے امریکہ کی نامور شخصیات کی کارگزاریوں پر ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش جن کی مدت صدارت 20 جنوری 2009ءکو ختم ہوئی' کی دونوں لڑکیاں منشیات کی دلدادہ تھیں اور منشیات کے استعمال کے بغیر انکو نیند نہیں آتی تھی۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے انکو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ خود جارج بش 1976ءمیں نشے کی حالت میں کار چلاتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ اس زمانے میں اپنے باپ کے اثرورسوخ کے باعث جرمانہ ادا کرکے بری ہوگئے لیکن پھر بھی انکا ڈرائیونگ لائسنس 30 دن کیلئے منسوخ کردیا گیا تھا۔ اونا کرینر جو 1961ءسے لیکر 1968ءتک ریاست ایلی نائے کے گورنر رہے' ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔ وہ رشوت ستانی اور ٹیکس فراڈ کے جرم میں جیل چلے گئے۔ انہیں 1973ءمیں سزا ہوئی تھی۔ ڈینیل والکر 1973ءسے 1977ءتک ایلی نائے کے گورنر رہے۔ انکا تعلق بھی ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا اور ان پر بھی کرپشن کے الزامات تھے۔ انہیں 1987ءمیں سزا ہوئی۔ جارج رینے جو 1999ءسے 2003ءتک ایلی نائے کے گورنر رہے' ان کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے تھا۔ ان پر دھوکہ دہی اور ایف بی آئی کو جھوٹی گواہی دینے پر مقدمہ چلا اور انہیں 2007ءمیں سزا سنائی گئی۔ راڈبلاگووچ 2003ءسے 2009ءتک ریاست ایلی نائے کے گورنر رہے۔ انہیں سینٹ نے مواخذے کے ذریعے 2 فروری 2009ءکو عہدے سے برطرف کردیا۔ ان پر بھی کرپشن' اپنے عہدے کے ناجائز استعمال کے علاوہ کئی دیگر الزامات بھی تھے۔ ان پر سب سے بڑا الزام یہ تھا کہ انہوں نے امریکی صدر بارک حسین اوباما کی خالی ہونیوالی سینٹ کی نشست کو فروخت کیا تھا۔ بل کلنٹن 8 سال تک امریکہ کے صدر رہے۔ ان پر اپنے سٹاف کی ایک خوبصورت لڑکی مونیکا لیونسکی کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام تھا لیکن قسمت اچھی تھی کہ مواخذے سے بچ گئے جبکہ ان کی اہلیہ ہلیری کلنٹن نے بھی انکا ساتھ دیا۔ نیویارک کے گورنر ایلٹ سپنور کا تعلق فاحشہ عورتوں سے تھا اور انکا تعلق طوائفوں کے ایک کلب ایمپائرز کلب وی آئی پی سے ہونا طشت ازبام ہوگیا جس پر انہیں گورنری سے ہاتھ دھونا پڑا اور انہوں نے استعفیٰ دیدیا۔ جم میکگروی نیوجرسٹی سٹیٹ کے گورنر تھے۔ ان کو بھی استعفیٰ ایسے ہی دینا پڑا۔ سارہ پالین الاسکا کی گورنر ہیں اور امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی جانب سے نائب صدارت کی امیدوار کے طور پر حصہ لیا لیکن ہار گئیں۔ ان ہی دنوں یہ بات سامنے آئی کہ انکی ایک غیرشادی شدہ بیٹی ناجائز طور پر حاملہ ہے اور اب یہ اطلاع ہے کہ اس نے ایک بچے کو جنم دیدیا ہے۔ سارہ پالین بڑے فخر سے اپنے ناجائز نواسے کو گود میں لئے تصویریں بنواتی ہیں۔
Post New Comment