پیرس (صاحبزادہ عتیق الر حمن سے) پاکستانی صحافیوںاور میڈیا کی کاوشوں سے پاک فرانس دوستی کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے سرمایہ ہیں۔ یہ کمیونٹی بڑی محنتی اور قانونی کی پاسداری کرنے والی کمیونٹیز میں شمار کی جاتی ہے خاص طور نوجوان نسل کی تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی نہایت حوصلہ افزا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی پریس کلب پیرس اور پاکستان پوسٹ کراچی کی دس سالہ سالگرہ کی اولڈ جواد ریسٹورنٹ پیرس میں ہونے والے تقریب میں مقررین نے کیا۔ اس پروقار تقریب کے مہما ن خصوصی فرنچ قونصلیٹ جنرل مسٹر پیئر سایاں تھے۔ پاکستانی پریس کلب پیرس کی طرف سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنےوالوں کو مجید نظامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب سے مقررین نے فرنچ اور اردو زبانوں میں خطاب کیا۔ چوہدری شاہین اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی جتنی اہمیت آج ہے پہلے پاکستا ن میں اس کا ادراک نہیں تھا۔ پاک فرانس دوستی کیلئے ایسے مشترکہ پروگرام ہوتے رہنے چاہئیں۔ غزالہ بھٹی نے کہا کہ ہم نے فرانس میں پاکستانی فیملیز کو متحرک کیا ہے۔ پاکستانی کلچر اور صحیح امیج کو ہر سطح پر متعارف کروایا ہے۔ سینئر صحافی منظور جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان وہ نہیں ہے جو مغربی میڈیا میں دکھایا جاتاہے۔ پریس کلب کے تمام دوست پاکستانی امیج کو بہترطور پر پیش کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کے ٹاک شوز میں پریس کلب کے ساتھی بھرپور طریقے سے پاکستان کا دفاع کررہے ہیں۔ ہم اپنا فرض قوم کا قرض سمجھ کر نبھا رہے ہیں۔ صحافیوں میں ایوارڈ لینے کا رواج پایا جاتا ہے لیکن پاکستان پریس کلب پیرس نے پچھلے دس سال سے یہ روایت قائم کر رکھی ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزاز سے نوازتی ہے۔ قائد لیگ کے چوہدری پرویزلوہسر نے کہا پیرس کی پریس کلب مبارکباد کی مسحق ہے جس نے اتنی اعلیٰ معیار کی محفل سجانے کے ساتھ ساتھ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزاز دینے کا اہتمام کیا ہے۔ ہمیں فرانسیسی سیاست میں بھی حصہ لینا چاہیے برطانیہ میں کئی پاکستانی پارلیمنٹ تک پہنچ چکے ہیں۔ یہاںبھی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے فرانسیسی سیاست میں جانے کے راستے کھلیں گے۔ میاں محمد امجد نے کہا کہ ہماری کمیونٹی میں ایسے نوجوان موجود ہیں جن کی راہنمائی کی جائے تو وہ بڑے بڑے تعلیمی اداروں اور زندگی کے ہر شعبے میں نام پیدا کرسکتے ہیں۔ ہم پاک فرانس دوستی کیلئے ماضی کی طرح آئندہ بھی کام کرتے رہیں گے۔ منہاج القرآن یورپ کے امیرعلامہ میر حسن قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی آخر الزماں یہ پیغام دے گئے ہیں کہ تعلیم حاصل کرو، چاند ستاروں سے آگے کے علوم پر دسترس حاصل کرو۔ میڈیا کے ذریعے آپ پوری انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر ونسن لوئس نے کہا کہ میں دو پاکستانی ڈاکٹروں کے ساتھ ملکر ٹرک آرٹ، علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کی تصویر سے سجی فوکسی میں دنیا کا سفرکرکے پاکستان کا صحیح امیج پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستا ن میرا دوسرا گھر ہے۔ میں آج بھی پاکستانی آرٹ سے سجی فوکسی میں سفر کرتا ہوں جس جگہ سے گزرتا ہوں لوگ پاکستانی کلچر اور آرٹ سے متعارف ہوتے ہیں۔ مہمان خصوصی مسٹر پیئر سایاں نے کہا کہ آج کی تقریب کی خوبصورت اور اہم ترین بات جو مجھے پسند آئی ہے وہ یہ ہے کہ آپ نے ایک ہی جگہ پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی، سماجی اور کلچرل جماعتوں کو اکٹھا کرکے اسے ایک مِنی پاکستان کی شکل دےدی ہے۔ میں چار سال سے پاکستان میں ہوں میں نے کراچی سے پشاور، کوئٹہ سے اسلام آباد ،آزاد کشمیر سے شاہر اہ ریشم تک کا سفر کیا ہے میں جس پاکستان کو جانتا ہوں وہ یورپی میڈیا میں پیش کیا جانے والا پاکستان بالکل مختلف ہے۔ فرانس میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے لئے سرمایہ ہے۔ ہمارے لئے پاکستانی قوم کی تعلیم کے شعبے میں مدد دینے کے دو راستے تھے پرائمری تعلیم پر توجہ دینے کیلئے ہمیں پچاس ملین بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت تھی جس کیلئے ہمارے پاس فوری وسائل اور افرادی قوت نہیں تھی دوسری راستہ یہ تھا کہ ہمیں پاکستانی یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع اپنے ہاں فراہم کریں جس پر آج ہم عمل پیرا ہیں اور سینکڑوں پاکستانی نوجوان فرانس میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں جو مستقبل میں پاک فرانس دوستی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستانی کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پریس کلب کی طرف سے پاکستانیوں کو سفارتخانے سے متعلقہ جائز مسائل کو ہر طریقے سے حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستانی جو دستاویزات ویزوں وغیرہ دیتے ہیں ان میں سے 65 فیصد بوگس ہوتی ہیں جس سے ہمارے کام میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ پاکستان پریس کلب پیرس کے صدر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ ہم صحافی دوستوں کا قافلہ اس مشترکہ پلیٹ فارم پر دس سال سے چل رہا ہے۔ میں اکیلا کچھ نہیں ہوں تمام دوستوں کے تعاون سے پریس کلب ترقی کی اس منزل پر پہنچ سکا ہے۔ ہم نے اپنے ملک کا ہر سطح پر دفاع کیا ہے میڈیا ہو تھنک ٹینکس ہم نے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا حقیقی اور پرامن امیج پیش کیا ہے۔ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں ہماری پوری توجہ نئی نسل پر ہے ہماری خواہش ہے یہ نوجوان نسل ہمارے بعد فرنچ میڈیا میں پاکستان کی صحیح ترجمانی کیلئے آگے آئے ہم اسی لئے انکی حوصلہ افزائی پر دلی طور پر مطمئن ہیں۔ صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ آج ہم صحافتی شعبے میں بہترین خدمات پر یورپ کے بیسٹ پروفیشنل جرنلسٹ کا مجید نظامی ایوارڈدینے کا اعلان کررہے ہیں۔ اس موقع پر جناب مجید نظامی کا پریس کلب کے نام بھیجا گیا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی عوام اور صدر نیکولا سرکوزی کو پرو پاکستانی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور محنت کرکے اپنی کمائی پاکستان ارسال کریں اس وقت ملک و قوم کو اسکی اشد ضرورت ہے۔ صاحبزاہ عتیق الرحمن نے کہا کہ یورپ کے بیسٹ پروفشنل جرنلسٹ کا مجید نظامی ایوارڈجیو نیوز یور پ کے بیورو چیف خالد حمید فاروقی کو دے رہے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کا بہترین سٹوڈنٹ کا مجید نظامی ایوارڈ محمد وقاص یوسف کو، کم عمر ترین حافظ قرآن کامجید نظامی ایوارڈ عمر فاروق قریشی کو، نوجوان پاکستانیوں کو متحرک کرنے اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات پرمجید نظامی ایوارڈعروج ہمایوںکو، تدفین کمیٹی اور بچوں کیلئے فرانس میں سب سے پہلے اردو کلاسوں کے اجراپر مجید نظامی ایوارڈ راحت حسین کو، یورپی یونین میںکشمیر کاز کو اجاگر کرنے پر خصوصی مجید نظامی ایوارڈکشمیر سنٹر برسلز کے علی رضا سید کو، بہترین شاعر نوجوان کا مجید نظامی ایوارڈ عاکف غنی کو، دنیا بھر میںپاکستانی کلچر اور ٹرک آرٹ کو فروغ دینے کا مجید نظامی ایوارڈ فرنچ ڈاکٹر ونسن لوئس کو، کمیونٹی کی خصوصی خدمات پرمجید نظامی ایوارڈ مقبول ماہنامے پاکستان پوسٹ کے بیورو چیف آفتاب احمد گھلو کو دےکر ہم نے دوسروں کی خدمات کا اعتراف کرنے کی روایت کو قائم رکھا ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی کو سونئر پیش کیا گیا۔ پاکستا ن پریس کلب پیرس کی دس سالہ اعلیٰ کارکردگی اور کمیونٹی کی خدمات کے صلے میں منظور جنجوعہ کی طرف سے خصوصی مجید نظامی ایوارڈ صاحبزادہ عتیق الرحمن کو دیا گیا۔ اس تقریب کی خوبصورت ترین بات یہ تھی اس میں پاکستانی کمیونٹی کی تمام ہی سیاسی، سماجی، مذہبی اور کلچرل تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں پا کستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے صدر اخترعلی بٹ،ورلڈ اسلامک مشن کے صدر چوہدری الیاس اسماعلیہ،ادارہ منہاج القرآن کے صدر عبدالجبار بٹ، پاکستان عوامی تحریک صدر طارق چوہدری‘ ادارہ منہاج القرآن یورپ کے امیر علامہ میر حسن قادری،قائدلیگ کے صدرچوہدری شاہین اختر، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری شاہد فاروق لنگڑیال، انجمن فلاح دارین کے شیخ غلام حسین،مسلم کانفرنس یورپ کے چیف آرگنائیزر اظہرچوہدری، سی سی ایف پی کی صدر غزالہ بھٹی، ایسوسی ایشن پونتو کومبو کے صدرحاجی یعقوب، کشمیرسنٹر برسلز کے علی رضا سید،حلقہ ادب و ثقافت کے عاکف غنی، کلچر ل ایسوسی ایشن پیئر فیت کے سبط مزمل، حلقہ احباب کے صدر ملک وقار اور قائد لیگ بیلجیئم کے صدر چوہدری پرویز اقبال لوہسرسمیت فرنچ کمیونٹی کی کثیر تعداد کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
Post New Comment