نیو یارک( نمائندہ خصوصی) پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے جہاں2کروڑ سے زائد افراد کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں سڑک اور ریل کے اہم راستوں کی تباہی کے باعث افغانستان میں امریکی اور نیٹو فورسز کیلئے سپلائیز کو بھی شدید طورپر متاثر کیا ہے ۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے روز امریکی فوجی گاڑیوں سے لدے ہوئے ٹرک جن پر نیلے رنگ کی ترپالیں ڈالی گئی تھیں ۔کراچی سے اسلام آباد جانے والی مرکزی شاہراہ پر 30میل لمبی ٹریفک جام میں پھنسے رہی ۔ سیلاب کے باعث یہ شاہراہ ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اوراس پر ٹریفک کو ایک قطار کی شکل میں محدود کردیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق یہ ٹرک افغانستان جانے کیلئے اپنے معمول کے راستے استعمال نہیں کر رہے تھے جو پاکستان کے مغربی علاقے میں ہیں یہ علاقہ سیلاب کے باعث ملک سے مکمل طورپر کٹ چکا ہے اب سپلائی ٹرک کہیں طویل فاصلہ طے کرتے ہوئے ملک کے وسطی علاقے سے ہوکر اسلام آباد پہنچتے ہیں جہاں سے یہ ٹرک پشاور اور افغان سرحد تک پہنچتے ہیں اخبار کے مطابق شمال مغربی علاقے سے پشاور جانے والی سڑکوں سے رابطہ بھی کٹا ہوا ہے ۔ امریکی ٹرانسپورٹیشن کمانڈ کے ترجمان کیپٹن کیون آنڈاہل نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث افغانستان کو سپلائی کی رفتار میں کمی ضرور آئی ہے لیکن یہ رکی نہیں۔
Post New Comment