تازہ ترین:

پاکستان میں اسی طرح انتشار رہا تو چھ ماہ کے بعد خدانخواستہ بکھر جائیگا: امریکی پروپیگنڈہ

ـ 7 اپریل ، 2009
  • Adjust Font Size

نیویارک (ندیم منظور سلہری سے) امریکی فوج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے سابق فوجی مشیر ڈیوڈ کجلان نے پیشن گوئی کی ہے کہ اگر پاکستان میں اسی طرح انتشار اور خلفشار کی صورتحال برقرار رہی تو پاکستان آئندہ چھ ماہ کے بعد (خدانخواستہ) بکھر جائیگا۔ ڈیوڈ کجلان جن کا شمار گوریلا جنگ کے ایک پیشہ ور کمانڈو میں ہوتا ہے' نے "نیویارک ٹائمز" کو بتایا کہ پاکستان میں دہشت گرد عناصر نے اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں اور اب وہ آہستہ آہستہ شہروں کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت دہشت گرد عناصر کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ جوں جوں وقت گزرتا جا رہا ہے پاکستان کی حالت خطرے میں گھرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے اوباما انتظامیہ کی پالیسیوں کا خیرمقدم اس لئے کیا ہے کیونکہ انکی نظریں امریکی امداد حاصل کرنے پر ہیں۔ مسٹر ڈیوڈ نے امریکی تھنک ٹینک اداروں سے بھی رابطے قائم کرکے انہیں اپنے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی فوجی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے بھی گزشتہ ہفتے کانگریس کی کمیٹی کے سامنے اپنا بیان قلمبند کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان میں انتشار اسی طرح جاری رہا تو پاکستان کے ٹوٹنے کا خطرہ ہے کیونکہ دہشت گرد اور انتہاپسند تنظیمیں مضبوط ہورہی ہیں اور وہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانے کے پاس نیوکلیئر اسلحہ ہے اور القاعدہ کی اس پر خصوصی نظر ہے اور القاعدہ جیسے گروپ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا جائے اور ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ نیوکلیئر اثاثے ان لوگوں کے ہاتھ آجائیں۔ امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن اور صدر بارک اوباما کے خصوصی مشیر رچرڈ ہالبروک بھی کہہ چکے ہیں کہ اسلامی انتہاپسندی پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں سول اداروں کو مضبوط بنایا جائے۔ اخبار نیویارک ٹائمز اپنی ایک رپورٹ میں لکھتا ہے کہ پاکستان میں جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام ہے اور اس نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان کو خطرات کا سامنا ہی کرنا پڑیگا۔ "نوائے وقت" اور "وقت نیوز" کی مرتب کردہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا اور امریکی تھنک ٹینک ادارے ایک خاص حکمت عملی کے تحت پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کی مہم شروع کئے ہوئے ہیں جبکہ امریکی ادارے کی جانب سے ایک نئے پاکستان کا نقشہ بھی 2005ءمیں شائع کیا گیا تھا کہ پاکستان 2015ءتک مختلف حصوں میں بکھر جائیگا۔ معروف تجزیہ نگار ارشد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ مہم تیز کرنے کا مقصد حکومت کو دباﺅ کا شکار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ افغانستان میں امریکہ کو ناکام بنانے کیلئے روس انتہاپسندوں اور دہشت گردوں کو جدید اسلحہ بھارت کے ذریعے فراہم کررہا ہے۔

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter