نیویارک( نمائندہ خصوصی) نیویارک میں سٹی کونسل نے شدید مخالفت کے باوجودگراﺅنڈ زیرو کے قریب مسجد تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔سٹی کونسل نے گراﺅنڈ زیرو کے قریب مسجد کی تعمیر سے متعلق عام اعتراضات مسترد کردیئے اور مسجد تعمیر کرنے کی متفقہ طورپر منظوری دیدی۔گراﺅنڈ زیرو کے قریب یہ مسجد تیرہ منزلہ مسلم کلچرل کمپلیکس میں تعمیر کی جائے گی۔ اس مسلم کلچرل کمپلیکس کی تعمیر پر10کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔نیویارک کے مئیر مائیکل بلومبرگ نے کہنا ہے کہ عمارت کی حدود میں مسجد تعمیر کی جاسکتی ہے۔سانحہ نائن الیون میں ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ دنیا میں بسنے وال اربوں افراد مسلمان ہیں، اسلام یا مسلمان برے نہیں، برے وہ افراد ہیں جنہوں نے سانحہ نائن الیون کا ارتکاب کیا۔مسجد کے قیام کے حامی امریکی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس مسجد کی تعمیر سے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے میں مدد ملے گی اور لوگ حقیقی تصور اسلام کو جان سکیں گے۔دوسری جانب نیویارک میں بسنے والے انتہا پسند یہودیوں اور عیسائیوں نے مسجد تعمیر کی اجازت دینے کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
Post New Comment