مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ سے) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ تشریف لائے تو ائیرپورٹ آمد پر پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ انہوں نے نمائندہ خصوصی جاوید اقبال بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بحال ہو چکی ہے۔ پیپلزپارٹی ان کی اتحادی جماعت ہے۔ نوازشریف اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی دونوں کی خواہش ہے کہ پنجاب میں موجود سیٹ اپ برقرار رہے اور عوام کے مسائل حل ہوں۔ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران ان کے اعزاز میں کمیونٹی نے عشائیہ اور محبوب حسین آف آزاد کشمیر نے ظہرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کمیونٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ پردیس میں پاکستان کے سفیر ہیں اور اسلامی اقدار کا خیال کرتے ہوئے اپنے آپ کو سچا مسلمان اور پاکستانی ثابت کریں آپ کے اچھے اعمال اور رویوں سے ہی پاکستان کا نام روشن ہوگا۔" یہاں تمام سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانی بن کر پاکستان کےلئے دعا کریں۔ اس موقع پر کمیونٹی کے افراد جن میں فہد جاوید بٹ' محمد ریاض محبوب حسین' حمزہ جاوید' طلال جاوید' چودھری سعید جٹ' جاوید اختر اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔
Post New Comment