تازہ ترین:

پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام توانائیاں صرف کرونگا: شیر علی خان

ـ 2 نومبر ، 2009
  • Adjust Font Size

مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ )سعودی عرب میں حال میں متعین پاکستانی سفیر شیر خان علی زئی نے مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض ویلفیئر اتاشی جہانگیر مشتاق ورک نے ادا کئے۔ تلاوت قرآن پاک عبدالعزیز اسماعیل بلوچ نے حاصل کی۔ جہانگیر ورک نے تعارفی کلمات میں کمیونٹی کے مسائل کی نشاندہی کی۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ میں سعودی عرب میں سفیر کی حیثیت سے پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کےلئے اپنی تمام تر توانائی صرف کرونگا۔ انہوں نے بالخصوص مدینہ منورہ کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پاکستانی انٹرنیشنل سکول کے قیام کےلئے یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مدد اور کام اللہ تعالیٰ کی طرف ہوتے ہیں ہم صرف اس کے بندے ہیں جن کو کچھ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ ہم اللہ کی مخلوق کی مدد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سوائے اللہ تعالیٰ کی ذات سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ سوات پر جن شر پسندوں نے قبضہ کیا تھا پاک فوج اور عوام کی مدد سے اس کو اللہ کے فضل سے واگزار کرالیا گیا۔ اب حکومت نے وزیرستان آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ انشاءاللہ انسانیت کے دشمن اس علاقہ سے بھی نکل جائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کمیونٹی سے اپیل کی کہ ہماری اور ہمارے وطن کی عزت سبز ہلالی پرچم اور سبز پاسپورٹ سے وابستہ ہے۔ آپ اپنی رقوم کی ترسیل بینکوں کے ذریعے پاکستان کریں تاکہ معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کی ایک برانچ ریاض شہر میں کھول دی گئی ہے انشاءاللہ تعالیٰ باقی برانچیں مدینہ منورہ اور جدہ میں بھی کھول دی جائیں گی تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو رقوم کی ترسیل میں آسانی ہو سکے۔ انہوں نے کمیونٹی کے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاو¿س کا کمیونٹی ہال آج کے بعد قومی تہواروں کی تقریبات کےلئے پاکستانی کمیونٹی کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان ہاو¿س نمبر1میں مستقل میڈیکل ڈسپنسری کی اجازت دیتا ہوں اور جبکہ حج سیزن کے بعد جو دوائیاں بچ جائیں وہ پاکستانی کمیونٹی کے تصرف میں لائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی معیاد 10سال کرنے کےلئے صدر پاکستان اور وزیرِ داخلہ نے پہلے ہی احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکمران ملک فہد بن عبدالعزیز پاکستانیوں سے خصوصی محبت اور شفقت کرتے ہیں اور میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی سعودی قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت میں جلد اضافہ ہو گا اس کےلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مسجد نبویﷺ میں تقریب میں انفارمیشن قونصلر محمد جمیل خان، ویلفیئر اتاشی جہانگیر مشتاق ورک، ڈائریکٹر حج بہراللہ ہزاروی، ڈپٹی ڈائریکٹر حج امجد علی چوہدری، سیف الرحمن، خلیل احمد، عمران اشرف نادرا آفیسرز اور پاکستانی کمیونٹی کے مخیر حضرات نے شرکت کی۔

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter