لندن (آصف محمود سے) میر مرتضی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے کہا ہے کہ صدر زرداری کے دور حکومت اور طالبان میں کوئی فرق نہیں۔ پاکستانی سیاست پر قتل و غارت کا غلبہ ہے ان کا خاندان بھی اسی کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا جرم یہ ہے کہ میں نے اس کے خلاف لکھا جس کی وجہ سے مجھے دشمن تصور کیا جا رہا ہے‘ وہ برطانیہ میں ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو نے ان کے خاندان کو میرے والد کے قتل کی ایف آئی آر درج نہ کرانے دی تھی جبکہ زرداری حکومت نے بھی بےنظیر کے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی دادی نصرت بھٹو سے گذشتہ 13 برسوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا اور وہ دبئی میں زرداری خاندان کی تحویل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ صدر زرداری نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ ان کی حکومت القاعدہ سے لے کر آنگ سانگ سوچی تک تمام دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو اس کا بھی علم نہیں تھا کہ آنگ سانگ سوچی ایک دہشت گرد نہیں بلکہ جمہوری لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے دور حکومت اور طالبان میں کوئی فرق نہیں‘ دونوں آزادی اظہار کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کو ایسی حکومت کی حمایت کے حوالے سے غور کرنا چاہئے۔
Post New Comment