لندن (آصف محمود سے) برطانیہ کی پہلی مسلمان خاتون وزیر سعیدہ وارثی نے کہا ہے کہ مسلمان اور خصوصاً پاکستان کمیونٹی کے لئے فخر کی بت ہے کہ کنزرویٹو پارٹی نے ایک مل ورکر کی بیٹی کو پارٹی کا چیئرپرسن مقرر کیا ہے برطانیہ میں ایک ایسا وقت بھی آئیگا جب تمام اقلیتیں مقامی کمیونٹی کے ہم پلہ ہو کر کام کریں گی۔ لارڈ نذیر احمد کی طرف سے ہاوس آف لارڈز میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ میں مسلم عقیدے کے لوگ منتخب ہو کر آتے ہیں مگر بااصول اور بہترین پارلیمنٹرین بننا سب سے زیادہ ضروری ہے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ سعیدہ وارثی کی کامیابی کی وجہ سے یہاں رہنے والی مسلم کمیونٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے نومنتخب رکن پارلیمنٹ بیرسٹر شبانہ محمود نے کہا کہ ایک وقت تھا جب برطانیہ میں ایک بھی مسلمان خاتون رکن پارلیمنٹ نہ تھی مگر اس وقت پانچ ایشیائی خواتین ہیں ایک اور نومنتخب رکن یاسمین قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعیدہ وارثی نے برطانوی سیاست میں جو مقام حاصل کیا ہے وہ ہم سب کے لئے باعث فخر ہے انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ میں سعیدہ وارثی کے لئے تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ نومنتخب رکن پارلیمنٹ انس سرور نے کہا کہ اب کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسئلے حل ہونے چاہئیں اوروہ پارلیمنٹ میں اس کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر دیگر راکین پارلیمنٹ خالد محمود صادق خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Post New Comment