لندن (آصف محمود سے) برطانوی ہاو¿س آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف سے سنٹرل لندن میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی پاکستان کی مجموعی صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر کے حوالے سے بھی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ روزنامہ نوائے وقت دی نیشن کو ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہاکہ پاکستان کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور پاکستان بچانے کے لئے میاں نوازشریف اپنا کردار ادا کریں۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ پوری دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ عدالت کسی شخص کو سزا دے اور ایگزیکٹو معاف کرتی جائے جیسا کہ رحمان ملک کے کیس میں ہوا ہے۔ میاں نوازشریف نے بتایا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے فون کر کے ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وزیراعظم گیلانی کے ساتھ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ میاں نوازشریف نے کہاکہ گو کہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی صحت ٹھیک نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ اگلے دو دن میں پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ میں پاکستان واپس جا کر موجودہ معاملات حل کرنے میں اپنا سیاسی کردار ادا کروں۔
Post New Comment