لندن (آصف محمود سے) برطانوی ہاوس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے شروع کی جانیوالی مہم کے سلسلے میں آئندہ منگل امریکہ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ امریکی صدر بارک اوباما کی ریاست ایلی نوئیس کے شہر شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے عہدیداروں اور کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔ لارڈ نذیر احمد نے نوائے وقت/دی نیشن کو بتایا کہ وہ اراکین کانگریس کو یہ باور کرانے کی کوشش کریں گے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ ہونیوالی ناانصافی کی وجہ سے اوباما اور امریکہ کیخلاف نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سزا دینے کی بجائے اسے، اس کے دو بچوں کو قتل کرنے کے بدلے میں Compensation دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس عالمی عدالت انصاف میں چلا گیا تو سابق صدر جارج بش اور صدر اوباما پر قتل، اغواءاور تشدد جیسے سنگین جرائم کے الزامات لگ سکتے ہیں۔ لارڈ نذیر احمد جن امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے ان میں کانگریس کے رکن رچرڈ ڈربن اور سنیٹر رولینڈ برس شامل ہیں۔ لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ معروف صحافی اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ایوان رڈلے بھی امریکہ روانہ ہو رہی ہیں جہاں وہ ڈیفنس آف مسلم اِن امریکہ نامی تنظیم کی طرف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر منعقد کئے جانیوالے پروگرام میں شرکت کریں گی اور ان کی رہائی کیلئے مہم چلائیں گی۔
Post New Comment