لندن (آصف محمود سے) برطانوی پارلیمنٹ اور ہا¶س آف لارڈز کے تمام مسلمان ارکان پارلیمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر باراک اوباما کو ایک مشترکہ خط لکھیں گے جس میں انہیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور اس کی پاکستان واپسی کےلئے کہا جائیگا۔ اس سلسلے میں ہا¶س آف لارڈز تقریب میں مسلمان برطانوی ارکان پارلیمنٹ چودھری محمد سرور' خالد محمود' لارڈ شیخ' برٹش مسلم لائرز ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر عابد چودھری' ایسوسی ایشن آف پاکستان لائرز کے چیئرمین امجد ملک مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل' تحریک انصاف برطانیہ کی کوآرڈی نیٹر سنیٹر رابعہ ضیائ' معروف صحافی اور انسانی حقوق کی سرگرم رکن ایوان رڈلے گوانتاناموبے میں قید معظم بیگ جیسے برطانوی شہریوں کو آزاد کرانے والی تنظیم کیج پرزنر کے سربراہ صغیر احمد کے علاوہ کمیونٹی لیڈروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ وہ صدر اوباما سے ڈاکٹر عافیہ کےلئے رحم کی اپیل نہیں کریں گے کیونکہ اس پر جو جرم عائد کیا جا رہا وہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اصل سزا تو امریکی اتھارٹیز کو ہونی چاہئے۔ جنہوں نے اس کے بچوں کو اغوا کیا اور جن کا آج تک کچھ پتہ نہیں لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ مسلمان کمیونٹی کا خون خول رہا ہے اگر امریکہ اسی خطے میں اپنا اثر و رسوخ رکھنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ انتہا پسندی نہ بڑھے تو ڈاکٹر عافیہ کو فوراً رہا کر دے۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ اگر ڈاکٹر عافیہ قصور وار ہوتیں تو آج ان کی رہائی کےلئے ہا¶س آف لارڈز میں بیٹھ کر ہم نہ چلاتے۔ انہوں نے کہا ایک حکام ثبوت چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ لارڈ شیخ نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونیوالی ناانصافی کا فوری ازالہ کیا جائے۔ لارڈ شیخ نے کہا ڈاکٹر عافیہ کے خلاف الزامات گھڑے گئے ہیں۔ اگر انہوں نے افغانستان میں کوئی جرم کیا بھی ہے تو اسے امریکہ میں کیوں سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا عافیہ کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔ جس کے خلاف وہ ہا¶س آف لارڈز میں آواز اٹھائیں گے۔ معروف صحافی اور انسانی حقوق کی سرگرم رکن ایوان رڈلے نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے خلاف جو سائینٹیفک ثبوت دیئے گئے وہ تو ٹھیک ہیں لیکن وہ ثبوت کس نے بنائے اس پر شک ہے۔ ایوان رڈلے نے کہا کہ انہیں افغان پولیس اہلکاروں نے انہیں دورہ افغانستان میں بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے کسی بندوق کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک افغان اہلکار نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف کہا جو آج گرین کارڈ لے کر امریکہ میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے خلاف فیصلے کا سب کو پتہ تھا اسے امریکہ سے انصاف ملنے کی کوئی توقع نہیں۔ ایوان رڈلے نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کےلئے برطانیہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کو پاکستانی حکومت نے امریکہ کے حوالے کر کے سب سے بڑی زیادتی کی انہوں نے کہا ڈاکٹر عافیہ کی امریکہ حوالگی کی پبلک انکوائری ہونی چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر اوباما فوری طور پر ڈاکٹر عافیہ کے کیس کو ذاتی طور پر دیکھیں اور انہیں پاکستان کے حوالے کریں۔ کیج پرزنر کے سربراہ صغیر احمد نے کہا ڈاکٹر عافیہ کو مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا ملی۔ انہوں نے کہا شرم کی بات ہے کہ تاریخ میں مسلمان حکمران مضبوط فوج خواتین کی حفاظت کےلئے بناتے تھے لیکن آج مشرف نے ملک کی بیٹی کو امریکہ کے حوالے کر دیا۔
Post New Comment