لندن (آصف محمود سے) برطانیہ میں گزشتہ سال انسداد دہشت گردی آپریشن پاتھ وے میں گرفتار ہو کر بیدخل کئے جانیوالے پاکستانی طالبعلم شعیب خان نے اپنی بیدخلی کیخلاف مقدمہ جیت لیا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ تھیرسا مے نے اس حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شعیب خان کے کیس کی بغور مطالعے کے بعد اسکے خلاف برطانیہ سے بیدخلی کے چارجز ختم کرکے اسے دوبارہ برطانیہ آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ یو کے بارڈر ایجنسی کی طرف سے شعیب خان کے وکیل کو بھجوائے جانیوالے خط میں کہا گیا ہے کہ اس طالبعلم کے حوالے سے سسٹم میں تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔ شعیب خان جب چاہے برطانوی ویزے کیلئے درخواست دیکر ویزہ حاصل کرکے واپس آسکتا ہے جس کیلئے اسے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنا پڑیگا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شعیب خان کی طرف سے دوبارہ ویزے کی درخواست پر امیگریشن قوانین کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا۔ اس سے قبل لندن ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فٹنگ نے 18 مئی 2010ءکو شعیب خان کو دہشت گردی کے الزامات سے بری کردیا تھا۔ شعیب خان کے وکیل بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ برطانوی وزیر داخلہ کے اس حکم نامے کے بعد شعیب خان جب چاہے برطانیہ واپس آسکتا ہے جس کیلئے اسے امیگریشن قوانین کی شق نمبر 57 اور 395 کے تحت درخواست دینا ہوگی۔ قانونی و آئینی ماہرین نے اسے اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
Post New Comment