لندن (آصف محمود سے) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے بعد شمالی وزیرستان میں بھی آپریشن ہو گا جس کے لئے اپنے وسائل اور دیگر امور پر غور کر رہے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کی ایک تقریب میں طلباءکے سوالات کے جوابات کی مزید تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی ایس آئی پر تنقید بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ لیڈرشپ کی گرفتاری میں آئی ایس آئی نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکہ اور نیٹو افغانستان میں ناکام ہو چکے تھے ان کی کامیابیوں میں آئی ایس آئی کا کردار ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ این آر او پر عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ چیف جسٹس کو این آر او پر فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دی تھی جو حکومت کا قانونی حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور جمہوریت کا کوئی سیاسی دشمن نہیں‘ تمام سیاسی قوتیں جمہوری عمل کی حمایت کر رہی ہیں اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا وقت چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ یہاں قانون سازی اسلام کے خلاف نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے طلبا کو یقین دلایا کہ سٹوڈنٹ ویزوں کے حصول میں دشواریوں پر وزیراعظم گیلانی سے بات کر کے اس معاملے کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں منتخب حکومت اور فنکشنل پارلیمنٹ کے ساتھ اچھی اپوزیشن کام کر رہی ہے۔ تقریب سے قبل شاہ محمود قریشی اور بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی جو آدھ گھنٹہ جاری رہی۔
Post New Comment