کویت سٹی (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل سکول و کالج پاکستان خیطان، کویت کی چودہویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد کا اہتمام کالج آڈیٹوریم میںکیا گیا جس کا مقصد سینئر کلاسز کے ان طلباءو طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جنہوں نے فیڈرل بورڈ اسلام آباد، پاکستان اور برٹش کونسل کویت کے زیر اہتمام ہونے والے سالانہ امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزارت تعلیم الخاص کے ڈائریکٹر محمد عبداللہ الدھیس تھے۔ دیگر مہمانوں میں سجاد احمد سیھر چارج ڈی افیئر سفارتخانہ پاکستان، اونر عبداللہ راشد الحفیتی، پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات حافظ محمد شبیر، سرور بٹ، انیس الرحمنٰ بٹ، ماجد علی چوہدری، نور محمد ملک پاکستانی تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان اور والدین کی کثیر تعداد شامل تھی۔ ادارے کی ڈائریکٹر نادیہ الحفیتی، پرنسپل کرنل (ر) انجم مسعود اور سینئر سیکشن انچارج امجد لطیف نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز کویت کے قومی ترانہ سے ہوا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مسز روہینہ علی اور خالد لودھی نے انجام دئیے۔ گیارہویں کے طالبعلم ولید عبدالمنان نے تلاوت کی۔ ترجمہ گیارہویں اے کی طالبہ حرا شجاع نے کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز پرنسپل کرنل (ر) انجم مسعود کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد کا مقصد بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ امسال میٹرک کے اکثر طلباءو طالبات نے سائنس کے مضامین میں سو فیصد نمبر حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
Post New Comment